BBC Urdu

الجزیرہ کی ٹیم پر فائرنگ

صوبہ سرحد کےضلع بونیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عربی ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ کی میڈیا ٹیم پر فائرنگ کی گئی ہے جس کی زد میں آ کر ایک صحافی زخمی ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق الجزیرہ کی میڈیا ٹیم ضلع بونیر میں طالبان کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز کے آپریشن کی کوریج میں مصروف تھی کہ اس دوران اس پر فائرنگ کی گئی جس میں ایک صحافی مطہر عبدالرحمن زخمی ہوگئے جبکہ ٹیم کے دو دیگر ارکان ابھی تک لاپتہ ہیں۔

اسلام آباد میں الجزیرہ کے بیورو آفس نے اس واقعے کی تصدق کی ہے۔ ان کے بقول زخمی ہونے والے صحافی معمولی زخمی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ الجزیہ کے مطابق زخمی ہونے والے صحافی محفوط مقام پر ہیں تاہم ٹیم میں شامل ان کے دیگر دو ساتھی لاپتہ ہیں۔

الجزیرہ بیورو آفس کے مطابق میڈیا ٹیم ایک رپورٹر مطہر عبدالرحمن، کیمرہ مین، ان کے معاون اور ڈرائیور پر مشتمل تھی۔

بیورو آفس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ میڈیا ٹیم کوریج کرنے میں مصروف تھی کہ وہ فائرنگ کی زد میں آئی۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ واقعہ بونیر کے صدر مقام ڈگر کے قریب شمس سر کے علاقے میں پیش آیاہے۔تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ صحافیوں پر کیسے اور کس نے حملہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی سوات میں مقامی طالبان نے مقامی خبر رساں اداروں اور سوات کی کوریج کرنے والے ذرائع ابلاغ کے دفاتر کے باہر ایک نوٹس چسپاں کیا تھا جس میں انہیں تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ علاقے کے حالات کی کوریج کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کریں۔