’پیار کا پاسپورٹ‘ نام ہے ایک ڈرامے کا جو بی بی سی اردو سروس سے پیر چھ مارچ سے روزانہ نشر کیا جا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بی بی سی سے ایک اردو سوپ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ڈرامہ بی بی سی ورلڈ سروس ٹرسٹ کے ایک پائلٹ پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کا مقصد شادی، فیملی، انسانی حقوق اور منشیات کے استعمال کے علاوہ کئی دیگر معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔ ڈرامے کی کہانی پاکستان کے صوبہ پنجاب ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے جس کا ایک حصہ برطانیہ میں مقیم ہے جبکہ دوسرا پاکستان میں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ڈرامے کے پلاٹ کو بنیاد بناتے ہوئے مذاکروں، سامعین کی ٹیلیفون کالوں اور ان کی تحریروں کے ذریعے پاکستان میں معاشرتی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔ اندرون ملک کے علاوہ بیرون ممالک خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو بھی ان مباحثوں یا ڈبیٹس میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔’پیار کا پاسپورٹ‘ کی تیاری میں اس بات کی بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ اس میں وہ ایشوز اجاگر کیے جائیں جن کا تعلق لوگوں کی حقیقی زندگی سے ہو۔ بی بی سی اردو سروس کے علاوہ یہ ڈرامہ پاکستان کے کچھ ایف ایم ریڈیو سٹیشنوں سے بھی سنا جا سکتا ہے۔
’پیار کا پاسپورٹ‘ کی تیاری میں اس بات کی بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ اس میں وہ ایشوز اجاگر کیے جائیں جن کا تعلق لوگوں کی حقیقی زندگی سے ہو۔اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ڈرامے کا سکرپٹ لکھنے سے پہلے کئی گروپوں اور لوگوں کے ساتھ سیر حاصل بحت کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم نے اس بات کا بھی پوری طرح خیال رکھا ہے کہ لوگ ایک ریڈیو ڈرامے سے کیا توقعات رکھتے ہیں۔ہماری تحقیقی ٹیم نے بچوں کے اغوا، منشیات کی سمگلنمگ اور زبردستی کی شادی جیسے مسائل سے دوچار کئی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کی زندگی کا مطالعہ کیا۔ اس کے علاوہ ٹیم نے کئی ایسے گھرانوں کے خیالات بھی دریافت کیے جن کا ایک حصہ پاکستان میں ہے تو دوسرا برطانیہ میں رہتا ہے۔ ایسے منقسم گھرانوں میں بچوں کی آپس میں شادی اور اس سے منسلک مسائل اس ڈرامے کا مرکزی موضوع ہیں۔
’پیار کا پاسپورٹ‘ کے مصنفیں میں پاکستان کے تجربہ کار ڈرامہ نویس اور نئے لکھنے والے دونوں شامل ہیں۔ سکرپٹ رائیٹرز کی ٹیم میں مشہور ڈرامہ نگار نورالہداٰ شاہ کے علاوہ رخسانہ احمد، بی بی سی کے عارف وقار اورصحافی نبیلا مالک شامل ہیں۔ اس ٹیم نے بی بی سی کی ڈرامہ پروڈیوسر جسیکا ڈرومگول اور نوجوان فلمساز فرجاد نبی کےساتھ مل کر پاکستان میں ڈرامے کو مکمل کیا ہے۔
آپ کا بی بی سی کی اس نئی کاوش کے بارے میں کیا خیال ہے؟ یہ ڈرامہ معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے میں مددگار ہوگا؟ ہمیں اپنی آراء اور معاشرتی مسائل کے بارے میں آپ بیتیاں بھیجنے کے لیے بائیں جانب لگے ہوئے ای میل کے ذریعے رابطہ کیجیے۔ |