بی بی سی اردو ڈاٹ کام
بی بی سی اردو سروِس کی انعام یافتہ ویب سائٹ بی بی سی اردو ڈاٹ کام خبروں اور حالات حاضرہ کے حوالے سے اردو زبان کی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے۔ جولائی دو ہزار دو میں لانچ ہونے کے بعد بی بی سی اردو ڈاٹ کام نے نیوز ویب سائٹوں میں اپنا ایک منفرد مقام بنا لیا ہے۔
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر آپ پل پل بدلتی خبروں کے علاوہ، فوٹو فیچر، تجزیے اور تازہ ترین ویڈیو بھی دیکھ سکتے ہیں۔
ریڈیو سروس
بی بی سی کی عالمی سروس گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان، بھارت اور خلیجی ممالک میں مقیم اردو کے سامعین کے لیے پروگرام پیش کر رہا ہے۔ بی بی سی رادو ڈاٹ کام کے آنے کے بعد ہمارے اردو سامعین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور دنیا بھر میں مقیم اردو سمجھنے والے لوگ اب ہماری ویب سائٹ پر موجود لنکس کے ذریعے بی بی سی کی عالمی سروس کے اردو ریڈیو پروگرام سنتے ہیں۔
بی بی سی اردو سروس کے ریڈیو پروگرام:
جہاں نما
1.30 - 2.00 AMگرینچ
فریکوینسی: میڈیم ویو 1413 کلوہرٹز، اور شارٹ ویو 6065، 7180، 11750، 15510 کلو ہرٹز یا 19، 25، 41، 49، 212 میٹر بینڈ
پاکستان، بھارت اور خلیجی ممالک کے سامعین کے لیے صبح سویرے تازہ عالمی خبروں اور تبصروں پر مشتمل اس پروگرام میں گئی رات کے واقعات اور آنے والے دن میں متوقع حالات کا تفصیلی جائزہ شامل ہوتا ہے- ایک طرح سے جہاں نما میں پورے دن کی خبروں کا ایجنڈا طے ہو جاتا ہے- ایک ہفتہ وار تعلیمی و معلوماتی سلسلہ اور آپ کے خطوط کے جواب بھی پروگرام کا حصہ ہیں
سیربین
3.00 - 4.00 PM گرینچ
فریکوینسی: میڈیم ویو 1413 کلوہرٹز، اور شارٹ ویو 5965، 7205، 9510، 15160 کلو ہرٹز یا 19، 31، 41، 49، 212 میٹر بینڈ
بی بی سی اردو سروس ریڈیو کا طرہ امتیاز اور ہماری طویل ترین دورانیے کی مجلس جنوبی ایشیا میں شام ڈھلے سنی جا سکتی ہے- تازہ عالمی خبروں کا بلیٹن، پاکستان اور بھارت سے ہمارے نامہ نگاروں کی رپورٹیں، دنیا بھر سے بی بی سی کے صحافیوں کے مراسلے اور تبصرے، اہم شخصیات کے انٹرویو، آپ کے خطوط، عام دلچسپی کے موضوعات پر فیچر اور معیشت، کھیل اور حالات حاضرہ پر ہمارے ہفتہ وار سلسلے، یہ سب سیربین کا حصہ ہیں۔
ایف ایم نیوز بلیٹن
پاکستان میں ہمارے پارٹنر FM ریڈیو سٹیشنز پر آپ دن میں تین مرتبہ تفصیلی خبروں کا بلیٹن بھی سن سکتے ہیں۔ یہ بلیٹن دس منٹ دورانیے کے ہیں اور روزانہ صبح نو بجے، شام چھ اور سات بجے پیش کیے جاتے ہیں۔
موبائل فون بلیٹن
اب پاکستان کے ہر موبائل فون پر بھی ایک منٹ والے تازہ خبروں کے بلیٹن سن سکتے ہیں۔ صبح نو بجے سے رات نو بجے تک ہر گھنٹے تازہ بلیٹن سنیے۔ اس کے لیے آپ کو اپنے فون سے 447474 پر فون کرنا ہوگا۔ اس کے بعد 1 دبا کر آپ عام خبریں اور 2 دبا کر کھیلوں کی خبریں سن سکتے ہیں۔



















