Wednesday, 14 January, 2009, 09:02 GMT 14:02 PST
ہندوستان کے وزیر داخلہ پی چدامبرم کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نےممبئی حملوں کے بارے میں بھارت کی تفتیش میں مدد نہیں کی تو پھر اس کے ساتھ تمام طرح کے رشتوں کو منقطع کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
بھارتی وزیر داخلہ نے بیان منگل کے روز ایک اخبار’ ٹائمز ڈیلی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے دیا۔
پی چدامبرم نے یہ نہیں بتایا کہ ہندوستان اس طرح کا قدم کس مرحلے پر اٹھانے کی سوچ رہا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’ ہمیں تعاون جلدی چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ، تجارتی، نقل و حمل اور سیاحت کی سطح پر کئی طرح سے رابطے ہیں اور اگر پاکستان جلدی تعاون نہیں کرتا تو وہ رشتے کمزور پڑتے جائیں گے اور ایک دن پوری طرح منقطع ہوجائیں گے۔
پی چدامبرم کا کہنا تھا ’ ہم پاکستانی تاجروں اور سیّاحوں کو ہندوستان میں کیوں موقع دیں اور ہم اپنے ٹورسٹ کو وہاں کیوں بھیجیں۔‘
ان سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ پاکستان تفتیش کے بارے میں کیا مدد کر رہا ہے ہے تو انہوں نے کہا ’ زیرو، انہوں نے ہمیں اب تک کیا مہیا کیا ہے؟ کچھ بھی تو نہیں۔‘
انہوں نےالزام لگایا کہ اسلام آباد ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا ہے جبکہ اس ان حملوں میں پاکستان کی شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ ملوث ہے۔
پی چدامبرم نے کہا ’اسلام آباد کو جو ثبوت فراہم کیے گئے ہیں اس بارے میں اس نے ابھی بھارت کو کوئی جواب نہیں دیا ہے۔‘