Wednesday, 19 November, 2008, 07:05 GMT 12:05 PST
ہندوستان کی حکمراں کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹی راہل گاندھی نے فوج کی کاروائی ’آپریشن بلو سٹار‘ کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے 1984 کے سکھ مخالف فسادات کو ’بالکل غلط‘ قرار دیا ہے۔
منگل کو ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ان فسادات کے لیے قصورواروں کو سزا دی جانی چاہیے۔
راہل گاندھی کی دادی اور ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے آپریشن بلو سٹار کے لیے سکھ مذہب کے مقدس مرکز سورن مندر میں فوج کے داخلے کی اجازت دی تھی۔ اس واقعہ کے کچھ عرصے بعد اندرا گاندھی کے دو محافظوں نے انہیں قتل کر دیا تھا۔
اس کے بعد پورے ملک میں سکھ مخالف فسادات بھڑک اٹھے تھے اور دلی میں ہی کئی سکھوں کو قتل کر دیا گیا تھا۔
اس واقعہ کو دو دہائیاں گزر چکی ہیں لیکن اس کے باوجود آپریشن بلو سٹار اور سکھ مخالف فسادات کے لیے کانگریس کو بار بار صفائی دینی پڑتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ راہل گاندھی کے والد اور اندرا گاندھی کے بیٹے راجیو گاندھی نے اپنی والدہ کے قتل کے بعد بھڑکنے والے فسادات کے بعد یہ کہا تھا کہ ’ جب ایک بڑا درخت گرتا ہے تو زمین تو تھوڑی بہت ہلتی ہی ہے۔‘