|
پینسٹھ فیصد سے زیادہ پولنگ
|
||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں اسمبلی انتخبات کے دوسرے مرحلے میں پینسٹھ فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔
اندربل کے دو اسمبلی حلقوں میں اکثر پولنگ بوتھوں پر لوگوں نے ووٹ ڈالے تاہم بیشتر بستیوں میں الیکشن مخالف احتجاج بھی ہوا ہے۔ احتجاج کے سبب ووٹنگ کا عمل متاثر ہوا ہے تاہم پولیس نے مظاہرین کو لاٹھی چارج کے ذریعہ منتشر کیا اور کئی نوجوانوں کوگرفتار کرلیا گيا ہے۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے معلومات فراہم کی ہے اس کے مطابق درہال اور کالاکوٹ میں سب سے زیادہ تہتر فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ نوشہرہ میں ستر فیصد لوگوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ وادی اور جموں کے تمام اسمبلی حلقوں میں ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ صبح سے ہی لوگ شدید سردی کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ سٹیشنوں پر پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ جیسے جیسے سردی کم ہوئی پولنگ کی رفتار تیز ہوتی گئی۔ وادی میں علیحدگی پسند حریت کانفرنس نے الیکشن کے بائکاٹ کی اپیل کی ہے لیکن اس کی اپیل کا بظاہر کوئی اثر ہوتا نظر نہیں آرہا۔ بی بی سی کے نامہ نگار الطاف حسین کا کہنا ہےکہ اتنی لمبی قطاریں انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔ ان کے مطابق نوجوانوں نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے ہیں۔ ادھر ضلع صدرمقام گاندربل، بیہامہ، دودرہامہ، کُرہامہ اور دوسرے مقامات پر نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے الیکشن مخالف مظاہرے کئے۔
مظاہرین ’بائیکاٹ بائیکاٹ الیکشن بائیکاٹ‘ اور ’ ہم کیا چاہتے ہیں آزادی‘ کے نعرے بلندکررہے تھے۔ پولیس اور نیم فوجی عملے نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کردیا۔ مظاہرین نے ایک پولنگ بوتھ کے نزدیک سبزہلالی پرچم بھی لہرایا۔ کچھ مقامات پر خواتین نے بھی الیکشن کے خلاف جلوس نکالا جس میں بچوں کی خاصی تعداد تھی۔ مظاہروں کی وجہ سے کئي مقامات پر ووٹنگ کی رفتار کم ہوگئی۔ گاندربل خطے میں دو انتخابی حلقے ہیں، گاندربل اور کنگن ۔گاندربل میدانی بستیوں پر مشتمل ہے جبکہ کنگن پہاڑی علاقہ ہے جہاں کشمیری اور پہاڑی بولی جاتی ہے۔ کنگن میں حالات مجموعی طورپر پُرامن رہے تاہم گاندربل میں الیکشن مخالف مظاہرے کیےگئے۔ گاندربل ڈپٹی کمشنر عبدالمجید کھانڈے نے بی بی سی کو بتایا کہ پولنگ مجموعی طور پُرامن رہی، موسم بھی اچھا رہا ۔ کچھ مقامات پر پولنگ ایجنٹوں کے درمیان تصادم ہوا تاہم حالات کو فوراً قابو کر لیا گیا۔‘ |
اسی بارے میں
ووٹ پڑے تو؟22 November, 2008 | انڈیا
کشمیر: مظاہرین پر فائرنگ، 2 ہلاک22 November, 2008 | انڈیا
سری نگر میں ’غیر اعلانیہ کرفیو‘21 November, 2008 | انڈیا
کشمیر میں 55 فیصد پولنگ17 November, 2008 | انڈیا
کشمیر میں پہلےمرحلے کی پولنگ شروع17 November, 2008 | انڈیا
کشمیریوں نے ووٹ کیوں ڈالا ؟ 17 November, 2008 | انڈیا
عثمان مجید سے انٹرویو17 November, 2008 | انڈیا
کشمیر:انتخابات سے قبل زندگی معطل16 November, 2008 | انڈیا
|
||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||