
پولنگ صبح سات سے پانچ بجے تک جاری رہیگی
بھارت کی ریاست اترپردیش میں اسبملی انتخابات کے لیے آج پانچویں مرحلے کی پولنگ ہورہی ہے جس میں کئی سینیئر رہنما میدان میں ہیں۔
اس مرحلے میں بندیل کھنڈ کے علاقے سمیت تیرہ اضلاع کی کل انچاس نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق صبح کے وقت ووٹنگ کی رفتار بہت سست تھی لیکن دوپہر بعد اس میں تیزی آئی ہے۔
پانچویں مرحلے میں فیروز آباد، کانشی رام نگر، ایٹہ، مین پوری، اٹاوہ، اوریّہ، رام بائی نگر، کانپور، جالون، جھانسی، للت پور، ہمیر پور اور موہوبا جیسے اضلاع میں انتخابات ہورہے ہیں۔
ان اضلاع کی انچاس سیٹوں کے لیے کل آٹھ سو انتیس امیدوار میدان میں ہیں اور ڈیرھ کروڑ سے زائد رائے دہندگان ان کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
اس مرحلے میں ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما شیو پال سنگھ یادو، بی جے پی کی رہنما اوما بھارتی اور سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ جیسے رہنما انتخاب لڑ رہے ہیں۔
انتخابات کے لیے سترہ ہزار سے زائد پولنگ مراکز قائم کیےگئے ہیں جن میں سے دو ہزار سے زیادہ کو حساس قرار دیا گیا ہے اور تقریبا دو ہزار مزید کو بہت زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔
حساس علاقوں میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامت کیےگئے ہیں اور انتخابی بے ضابطگیوں کے روکنے کے لیے ویڈیو کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
بھارت کی پانچ ریاستوں کے انتخابات ہورہے ہیں جن میں سے یوپی میں سات مرحلوں میں پولنگ ہورہی ہے۔ کئی ریاستوں میں انتخابات ہو چکے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی چھ مارچ کو کی جائےگی۔



















