bbc.co.uk navigation

راہل گاندھی: وزیراعظم بننے کا شوق نہیں

آخری وقت اشاعت:  پير 6 فروری 2012 ,‭ 14:14 GMT 19:14 PST
راہل گاندھی

راہل گاندھی اپنی انتخابی حلقے والی ریاست کی تصویر بدلنا چاہتے ہیں۔

بھارت میں کانگریس پارٹی کےرکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان پر بھارت کے وزیر اعظم بننے کا شوق نہیں ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ اس کے برعکس ان کے سر پر اتر پردیش کی ترقی کا جنون سوار ہے۔

یہ باتیں انھوں نے وارانسی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

راہل گاندھی نے کہا ’ہندوستان کے تمام بڑے سیاسی رہنماؤں کے سر پر وزیرا‏عظم بننے کا خبط سوار رہتا ہے۔لیکن راہل گاندھی کے دل میں یہ بات نہیں ہے، ان کے سر پر دوسرے قسم کا خبط ہے‘۔

انھوں نے مزید کہا’ ہم ریاست میں اپنے کام کرنے کے طریقے کو درست کرنا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں لوگوں کی بات نہ سننا جرم عظیم ہے‘۔

’مجھ میں کوئی غیبی طاقت نہیں ہے۔ بس اتنی سی بات ہے کہ لوگوں کو مجھ پر یقین ہے۔ اگر اتر پردیش کی ایک فی صد عوام بھی ہم پر اعتماد کرتی ہے تو یہ ہمارے لیے اچھی بات ہے‘۔

راہل گاندھی یوپی میں کانگریس کے لیے انتخابی مہم میں مشغول ہیں جہاں بدھ سے سات مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ ریاست کی تقدیر اور تصویر بدلنا چاہتے ہیں۔ یہ ریاست بھارت کی پسماندہ ترین ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں کبھی کانگریس کی کافی پکڑ تھی۔

پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی اپنے بھائی راہل گاندھی کے لیے انتخابی مہم میں شامل ہوئی ہیں۔

نہرو-گاندھی خاندان کے اس جانشین کے بارے میں بہت سارے لوگوں کا خیال ہے کہ وہ بھارت کے مستقبل کے وزیر اعظم ہیں۔

اتوار کو راہل گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہو‎ئے کہا تھا کہ راہل گاندھی کا مقصد وزیراعظم بننا نہیں ہے۔

پرینکا گاندھی اپنے بھائی کی مدد کے لیے یوپی میں کانگریس کی انتخابی مہم میں شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’راہل گاندھی ریاست میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کام کر رہے ہیں نہ کہ اپنی ساکھ بچانے کے لیے‘۔

راہل گاندھی نے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی تعریف کی حالانکہ ان کی حکومت روز افزوں بدعنوانی، سکینڈل اور سست رفتار معاشی ترقی کے سبب تنقید کا نشانہ بن رہی ہے۔

اسی بارے میں

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔