
ممبئی کا جنوب مغربی ساحلی علاقہ بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا:محکمۂ موسمیات
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں سمندری طوفان کے خدشے کے پیشِ نظر جاری کیے جانے والا ریڈ الرٹ واپس لے لیا گیا ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے ک سمندری طوفان فیان کے ممبئی پہنچنے سے قبل ہی اس کی شدت میں کمی واقع ہو چکی تھی اور اب بحیرۂ عرب پر بننے والا کم دباؤ کا یہ حلقہ بھارت کے شمال مشرقی علاقوں سے گزرے گا۔
ریڈ الرٹ واپس لیے جانے کے باوجود حکام نے پنویل میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا ساتواں ون ڈے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کی صبح محکمۂ موسمیات کے انتباہ کے بعد مہاراشٹر حکومت نے ممبئی میں ریڈ الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے شہر کے تمام سکول، کالج اور دفاتر بند کر دیے تھے۔
تاہم اب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ممبئی سے طوفان کا خطرہ ٹل چکا ہے لیکن اس سے متصل ساحلی علاقوں میں اب بھی خطرہ برقرار ہے اور بدھ کو رات گئے بلساڑ اور مہاراشٹر کے ساحلی علاقے کونکن اور رتناگری میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کے امکانات ہیں۔اس کے علاوہ ممبئی کے جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں ایک سو اسی کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی علاقوں کی جانب بڑھیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالانکہ یہ ہوائیں اور طوفان سورت کی طرف بڑھ رہا ہے لیکن اس کی شدت میں بتدریج کافی کمی واقع ہوئی ہے جس سے طوفان کا تو خطرہ نہیں ہے لیکن تیز بارش کے امکانات ہیں۔
ادھر مہاراشٹر کے رتناگیری علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وارننگ کے باوجود سمندر میں جانے والے چھ سو ماہی گیروں کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چلا ہے۔ طوفان کے خدشے کے باعث ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ساحلی علاقوں کے اطراف نشیبی بستیوں میں رہنے والوں کو کسی بھی طرح کے ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے متنبہ کیا تھا اور ساتھ ہی ماہی گیروں کو بھی سمندر میں جانے سے منع کیا گیا تھا۔
بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ممبئی، مہاراشٹر اور گجرات کے ساحلوں پر منگل کی صبح سے تیز طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور دو دن میں ممبئی میں پچھہتر ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس اچانک اور بے موسم بارش کی وجہ سے شہر کا ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا اور ٹرینیں کافی تاخیر سے چلتی رہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے فضائی سروس بھی متاثر ہوئی۔
© MMIX