Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Thursday, 5 november, 2009, 10:59 GMT 15:59 PST

’اُلفا کے رہنما ڈھاکہ سے لاپتہ‘

فائل فوٹو،

علیحدگی پسند تنظیم الفاء شمال مشرقی ہندوستان میں سرگرم ہے

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام کی علیحدگی پسند تنظیم اُلفا کے مطابق ان کے بنگلہ دیش میں موجود دو اہم رہنما لاپتہ ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو ای میل کے ذریعے میڈیا کو بھیجے گئے ایک بیان میں یونائٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام یعنی الفا نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پیش آیا ہے۔

بیان کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس بعض مسلح افراد ڈھاکہ کے ایک ’سیف ہاؤس‘ میں داخل ہوئے اور دو علیحدگی پسند رہنماؤں کو زبردستی ساتھ لے کر چلے گئے۔

الفا کے نائب فوجی سربراہ راجو بروا نے ای میل کے ذریعے بتایا ہے کہ علیحدگی پسند گروپ کے خارجہ سیکرٹری ساشا چودھری اور خزانہ سیکرٹری چترابون ہزاریکا کو دو اور تین نومبر کی درمیانی شب اٹھایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر جو افراد علیحدگی پسند رہنماؤں کو لے گئے ہیں ان کا تعلق بنگلہ دیش پولیس کی سپیشل برانچ سے تھا۔ راجو بروا کے مطابق مسلح افراد ان رہنماؤں کو پوچھ گچھ کے لیے ساتھ لے گئے تھے لیکن وہ اس کے بعد سے واپس نہیں آئے۔ ای میل میں اس خدشے کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ ان دونوں رہنماؤں کو یا تو ہندوستان کے حوالے کر دیا گیا ہے یا پھر جعلی مقابلے میں انہیں قتل کر دیا گیا ہے۔

بروا نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ’ہم بنگلہ دیش میں قانون پسند لوگوں کی طرح مقیم ہیں تو پھر ہمارے ساتھ اس ملک میں ایسا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے‘۔

بنگلہ دیش ميں رواں سال جنوری سے عوامی لیگ کی حکومت آنے کے بعد سے الفا سمیت شمال مشرقی ہندوستان کے کئی علیحدگی پسندوں پر ملک چھوڑنے اور قانونی کارروائی جیسے دباؤ ڈالے جا رہے ہیں۔ بعض باغیوں کو بنگلہ دیش میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کر کے انڈیا بھیج دیا گیا ہے جبکہ بعض افراد کو باغیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔