Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Thursday, 5 november, 2009, 08:33 GMT 13:33 PST

’ریچھ نے نہیں بھارتی فوج نے ہلاک کیاتھا‘

ریچھ

حکام کا کہنا تھا کہ دو شدت پسندوں کو ریچھ کھا گیا

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں برسرپیکار کشمیری عسکریت پسند تنظیم حزب الجماہدین نے اپنے دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے لیکن تنظیم نے پولیس کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ ان کو ریچھ نے ہلاک کیا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی پولیس نے منگل کے روز سرینگر میں کہا تھا کہ ضلع کلگام میں ریچھ نے ایک غار میں چھپے عسکریت پسندوں پر حملہ کر کے دو کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا تھا جبکہ ایک اس حملے میں محفوظ رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں عسکریت پسند وہاں سے نکل جانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق عسکریت پسندوں کے پاس اے کے 46 رائفلیں تھیں لیکن ریچھ کے اچانک حملے سے وہ بوکھلا گئے اور اپنا اسلحہ استعمال نہ کر سکے۔

لیکن جزب المجاہدین کے ترجمان احسان الہیٰ نے مظفرآباد سے جاری کیے گئے ایک بیان میں پولیس کے موقف کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں عسکریت پسند بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگئے۔

’ بھارتی فوج کے بیان کا مقصد ان عسکریت پسندوں کو خوفزدہ کرنا ہے جن کے ٹھکانے جنگلوں میں ہیں۔‘

ترجمان، حزب المجاہدین

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی تنظیم کے پانچ عسکریت پسند جنگل میں ایک خفیہ مقام پر جمع تھے کہ اسی دوران بھارتی فوج نے ان کو گھیرے میں لے لیا اور اس کے بعد بھارتی فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔

کشمیری عسکری تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ اس جھڑپ کے نتیجے میں ان کی تنظیم کے دو کمانڈر ہلاک جبکہ تین بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی شناخت محمد امین عرف قیصر اور بشیر احمد عرف سیف اللہ کے طور پر ہوئی ہے۔

حزب المجاہدین کے ترجمان نے بھارتی فوج پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ان دونوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشوں کو مسخ کیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’ کس طرح سے ایک ریچھ دو مسلح اور تجریہ کار کمانڈروں کو ہلاک کرسکتا ہے‘۔

حزب الجاہدین کے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ بھارتی فوج کے بیان کا مقصد ان عسکریت پسندوں کو خوفزدہ کرنا ہے جن کے ٹھکانے جنگلوں میں ہیں۔‘

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔