
بش کا کہنا ہے کہ امریکہ اور بھارت کی قدریں ایک جیسی ہیں
امریکہ کے سابق صدر جارج بش قیادت کے مسئلے پر ہندوستان کے ایک اخبار کی کانفرنس میں شرکت کے لیے دلی میں ہیں جہاں انہوں نے تمام عالمی مسائل پر اپنی رائے ظاہر کی ہے۔
کانفرنس سے اپنے خطاب میں انہوں نے بھارت کی خوب تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی رکنیت ملنی چاہیے۔
’بھارت عالمی سطح پر ایک طاقت ور جمہوریت کے روپ میں ابھرا ہے اور یہاں امن کا ماحول ہے‘۔
سابق امریکی صدر نے اقتصادی، سماجی اور دہشتگردی جیسے مسائل پر اپنے خطاب میں کہا ’افغانستان میں طالبان کو شکست دینے کے لیے امریکہ اور بھارت کو مل کر کام کرنا چاہیے‘۔
بش نے بھارت میں کئی دہشتگردانہ حملوں کا ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ اور بھارت دونوں دہشتگردی جیسے مسائل سے دو چار ہیں۔ انہوں نے بھارت اور امریکہ کے جوہری معاہدے کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سے جوہری عالمی بازار میںبھارت کے لیے دروازے کھل گئے ہیں۔
جارج بش نے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی تعریف کی۔’مسٹر سنگھ عقل مند اور اچھے انسان ہیں۔ انہیں مجھے اپنا دوست کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے‘۔
جارج بش نے اس موقع پر امریکی صدر بارک اوباما پر بھی نکتہ چینی کی ’وہائٹ ہاؤس کے لیے اوباما میری پہلی پسند نہیں ہیں لیکن میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔ میں ان کی تنقید میں زیادہ وقت نہیں لینا چاہتا کیونکہ بہت سے نکتہ چیں پہلے ہی سے ہیں‘۔
قیادت کے سوال پر دلی میں یہ کانفرنس اخبار ہندوستان ٹائمز نے بلائی ہے جس میں بھارت کے بہت سے قائدین کے ساتھ ساتھ ہر طبقہ کی جانی مانی ہستیاں اور بہت سے سفیر بھی شرکت کر رہے ہیں۔
© MMIX