
شرم اشیخ کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہوگي
بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ اور ان کے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی کے درمیان نومبر میں پورٹ آف سپین میں ملاقات ہوگي۔
دلی میں بعض سینیئر سرکاری اہلکاروں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پورٹ آف سپین میں ستائس اور انتیس نومبر کے درمیان ہونے والے دولت مشترکہ کے اجلاس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوگي۔
بھارتی وزیراعظم نے کشمیر کے دورے پر کہا تھا اگر پاکستان شدت پسندی کے خلاف کارروائی کرے تو بھارت بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارتی وزیراعظم نےاگرچہ مشروط بات چیت کی بات کہی ہے لیکن انہوں نے مذاکرات کی پیشکش عوام کے سامنے کی ہے جس سے لگتا ہے کہ دونوں ملکوں میں بات چیت کا راستہ ایک بار پھر سے ہموار ہوگیا ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ پورٹ آف سپین میں دونوں رہنماؤن کی ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہوگی جب ممبئی میں گزشتہ برس چھبیس نومبر کے حملے کا ایک برس مکمل ہوگا۔
جولائی میں شرم الشیخ میں وزیر اعظم منموہن سنگھ اور پاکستان کے وزير اعظم یوسف رضا گیلانی کی ملاقات میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی اور باہمی مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں اتفاق ہوا تھا۔
اس سلسلے میں بھارت ميں منموہن سنگھ پر سخت نکتہ چینی کی گئی تھی لیکن انہوں نے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعلقات بنائے رکھنے کی منشا ظاہر کی تھی۔
اننتناگ ميں اپنے خطاب میں ممبئی حملوں سے پہلے کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا ’وادی میں جیسے جیسے شدت پسندی کم ہوئی ویسے ہی تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت میں اضافہ ہونے لگا، ہم صحیح سمت میں آگے بڑ رہے تھے۔ پہلی مرتبہ لوگوں میں یہ یقین نظر آیا کہ اب مستحکم اور فیصلہ کن امن کا ماحول دور نہيں ہے۔‘
لیکن انہوں نے پاکستان کو خبردار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا ’یہ ایک غلط فہمی ہے کہ کوئی دہشتگردوں کے نظریے کے ساتھ سمجھوتہ کر سکتا ہے، یا پھر انہیں نجی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتا ہے، آخر میں وہ آپ کے ہی خلاف ہو جاتے ہیں جس کا انجام صرف موت اور تباہی ہی ہوتا ہے۔ پاکستانی عوام اپنی آنکھوں سے دہشتگردی کا اصلی چہرا دیکھ سکتے ہیں۔‘
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ پاکستان کے ساتھ امن قائم کرنے کے لیے خواہش مند ہیں۔ یہ بھی واضح ہے کہ انہوں نے یہ امید بھی نہيں چھوڑی ہے کہ اگر لشکر جیسی تنظیموں کے خلاف پاکستان سخت کارروائی کرتا ہے تو اس کے ساتھ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔
© MMIX