Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 23 october, 2009, 12:32 GMT 17:32 PST

'طالبان اسلام کے دشمن'

سید علی گیلانی کا کہنا ہے پاکستان میں طالبان جو کچھ بھی کررہے ہیں وہ اسلامی اصولوں کے منافی ہے

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عمررسیدہ علیٰحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج اور اس ملک کے اداروں پر حملے کرکے طالبان غیر اسلامی فعل کا ارتکاب کررہے ہیں۔

حکومت کی طرف سے پابندیوں کے باوجود جمعہ کے روز جنوبی ضلع شوپیان میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسّی سالہ گیلانی نے کہا: 'طالبان پاکستان کو کمزور کررہے ہیں۔ پاکستان کی فوج اور یونیورسٹیوں و دیگر اداروں پر اسلام کے نام پر حملے کرکے یہ لوگ دراصل اسلام کی جڑیں اُکھاڑ رہے ہیں۔'

گیلانی کا کہنا تھا پاکستان میں طالبان جو کچھ بھی کررہے ہیں وہ اسلامی اصولوں کے منافی ہے کیونکہ اسلام عدل، امن اور انسانیت کا علمبردار ہے۔

اس دوران گیلانی کی کال پر پورے شوپیان ضلع میں ہڑتال رہی اور ضلع کی طرف جانے والی تمام شاہراہوں پر پولیس نے ناکہ بندی کررکھی تھی۔ جمعرات کی شام ہی مسٹر گیلانی سرینگر کے حیدر پورہ علاقے میں واقع اپنی رہائش سے اچانک روپوش ہوگئے۔ بعد میں پولیس نے سرینگر اور شوپیان میں جگہ جگہ چھاپے مارے۔ لیکن جمعہ کی نماز کے بعد گیلانی ضلع کی ٹاک مسجد میں اچانک نمودار ہوگئے اور بعد میں سینکڑوں لوگوں پر مشتمل جلوس کی قیادت کی۔ شوپیان چوک میں لوگوں سے خطاب کیا۔

واضح رہے گیلانی نے حال ہی میں فوج کی تعینات کے خلاف ہر ضلع میں احتجاجی تحریک چھیڑنے کا اعلان کیا تھا، جس کا آغاز انہوں نے شوپیان سے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگلے جمعہ کو وہ بارہمولہ جائیں گے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔