
وسیم اکرم اپنی اہلیہ کے علاج کے لیے سنگاپور جارہے تھے
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ چنئی کے اپولو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت والے یونٹ میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت کے بارے میں متضاد اطلاعات مل رہی ہیں۔
ہما اکرم کے برادر نسبتی عامر نے اپولو کے انتہائی نگداشت کے یونٹ سے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ان کی حالت اب مستحکم ہے لیکن دیگر ذرائع کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کے مطابق ہما وسیم کے کلیدی اعضا نےکام کرنا بند کر دیا ہے جس کے بعد انہیں ’وینٹی لیٹر‘ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہما وسیم کو ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے سنگاپور لے جایا جا رہا تھا۔ وسیم اکرم، ہما وسیم کے بھائی عامر، ایک ڈاکٹر اور نرس ان کے ہمراہ ہیں۔
اگرچہ ڈاکٹر ان کی صحت کے بارے میں کچھ کہنے سے انکار کر رہے ہیں لیکن ہسپتال نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہما کو’حسب ضرورت انتہائی سخت نگرانی میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔‘
ہما اکرم کومنگل کے روز اس وقت اپولو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جب انہیں ایک ایئرایمبولینس میں سنگاپور لےجایا جا رہا تھا کہ راستہ میں اچانک ان کی حالت زیادہ بگڑ گئی۔ اس وقت ان کا طیارہ ایندھن لینے کےلیےآدھے گھنٹے کے لیے چینئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا تھا۔
ہما اور وسیم اکرم کو ہنگامی حالات میں طیارے سے اترنے کی اجازت دی گئی تھی۔ایئرایمبولینس نے لاہور سے پرواز شروع کی تھی اور ہما کو سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ ہسپتال لے جایا جا رہا تھا۔
© MMIX