
شاہ رخ خان اپنے دوست کرن جوہر کے ڈیزائن کیےگئے لباس کو پہن کر اپنی بیگم گوری کے ہمراہ ریمپ پر اترے
کون ہے ہیرو اور کون ہے زیرو؟ بالی وڈ میں یہ آج کل بحث کا موضوع بن گیا ہے اور اس کی وجہ حال ہی میں ممبئی میں ہونے والے فیشن ویک کے دوران دو خانوں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان ریمپ پر مقابلہ۔ حالانکہ یہ باضابطہ مقابلہ نہیں تھا لیکن کون سا سٹار کس خان کی طرف سے ہے کس کا پروگرام زیادہ مقبول ہوا؟
سلمان خان کی غریبوں کی مدد کے لیے بنائی گئی سماجی تنظیم ’ بیئنگ ہیومن‘ کے لیے سلو اپنی پوری فیملی کے ساتھ ریمپ پر اترے تو ریمپ کا جلوہ دیکھنے کے لائق تھا۔ اپنی دونوں مائیں سلمی اور ہیلن کے ساتھ ان کے بھائی سہیل اور ارباز خان بھی موجود تھے لیکن جو بات سب کو چونکانے والی تھی وہ عامر خان کا ریمپ پر اترنا تھا۔
عامر پہلی مرتبہ ریمپ پر چلے تھے ان کے ساتھ انڈسٹری کے تمام اے لسٹ سٹارز تھے یعنی سیف علی خان ، سنجے دت، اکشے کمار، اجے دیوگن ، گووندہ اور ان سب کے درمیان ایک خوبصورت حسینہ قطرینہ کیف جنہوں نے سلمان کی بنائی پینٹنگز سے تیار کیاگیا لباس پہنا تھا۔ پہلی صف میں بیٹھے پریتی زنٹا، سشمیتا سین، بونی کپور اور بیوی سری دیوی، ٹوئنکل کھنہ اور ملائکہ ارورہ خان تالیاں بجا رہے تھے۔

قطرینہ کیف نےسلمان کی بنائی پینٹنگز سے تیار کیاگیا لباس پہنا
سلمان نے اپنا دَم بتا دیا سب نے کہا سلو بازی جیت گئے۔ لیکن پھر کنگ خان کی باری آئی۔ خان اپنے دوست کرن جوہر کے ڈیزائن کیےگئے لباس کو پہن کر اپنی بیگم گوری کے ہمراہ ریمپ پر اترے تو ان کے ساتھ رنبیر کپور اور عمران خان تھے۔حالانکہ ریمپ پر ستاروں کے جلوے نظر نہیں آئے لیکن پہلی صف میں کنگ خان کو چیئراپ کرنے والوں میں سیف علی خان اور کرینہ، رشی کپور اور نیتو سنگھ، یش چوپڑہ، رتیک روشن ان کی بیگم سوزین خان، فرحان اختر روینہ ٹنڈن اور جیا بچن جیسے ستارے تھے۔ اب ہم نہیں آپ بتائیں گے کہ بازی کس نے جیتی؟

عامر خان بھی سلمان خان کے ہمراہ ریمپ پر اترے
عامر خان آج کل پھر نروس رہنے لگے ہیں۔ عامر دراصل اکثر اس وقت نروس ہوتے ہیں جب ان کی نئی فلم ریلیز کے قریب ہو۔اور ہم جانتے ہیں کہ اب ان کی فلم ’ تھری ایڈیٹس‘ اس سال دسمبر میں نمائش کے لیے پیش ہوگی۔ سال میں ایک ہی فلم کرنے والے عامر نے فلم کی شوٹنگ تو ختم کر لی ہےلیکن اس کے بعد پروڈکشن کا کام جاری ہے۔
اپنےگھر پر دیوالی کےلیےدی گئی پارٹی جس میں انہوں نے تھری ایڈیٹس کی پوری ٹیم کے ساتھ ہی سلمان خان سیف اور کرینہ کو بھی مدعو کیا، یہ اعتراف کیا کہ وہ بہت نروس ہو رہے ہیں۔انڈسٹری میں کامیابی صرف اداکاری سے نہیں باکس آفس کی کامیابی پر منحصر ہوتی ہے اسی لیے تو عامر جیسے اداکار بھی نروس ہوتے ہیں۔
بالی و ڈ میں نمبرگیم چلتا ہے لیکن یہاں ہم نمبر ون اور دو کی پوزیشن کی بات نہیں کر رہے بلکہ بات ہو رہی ہے لکی نمبروں کی۔ توہم پرستی کے سائے میں پلنے والی اکثر فلمی ہستیاں اس بات کا خاص خیال رکھتی ہیں کہ نمبر تیرہ اور نمبر تین کو وہ نظر انداز کر دیں اور اسی لیے فیروز نڈیا والا نے کامیڈی فلم ہیرا پھری کی تیسری قسط بنانے کے بجائے وہ ہیرا پھیری فور بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس فلم میں اکشے کمار ، سنیل شیٹی اور پریش راول کی جوڑی تو ہوگی ہی لیکن فلم میں قطرینہ کیف بطور ہیروئین کام کریں گی فلم کے ہدایت کار کو بھی بدل دیا گیا ہے یہ فلم انیس بزمی کی ہدایت میں بنے گی۔

سشمیتا سین آجکل بہت بزی ہیں
آپ کو یاد ہے آپ نے حسینئہ کائنات یعنی سشمیتا سین کو حال ہی میں کس فلم میں دیکھا؟ نہیں یاد آیا نا! کیسے یاد آتا جب کہ اس سال وہ دو فلموں میں نظر آئیں ایک ہولی کرما اینڈ کنفیشن اور ڈو ناٹ ڈسٹرب۔ اور وہ بھی فلاپ۔ اس کے باوجود پوچھنے
پر ان کا جواب ہوتا ہے کہ وہ آج کل بہت بزی ہیں، کئی پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں، ملک سے باہر رہتی ہیں فلموں کی ڈبنگ کررہی ہیں۔۔وغیرہ وغیرہ۔۔ بے بی ہم جانتے ہیں کہ ستاروں کی اس دنیا میں قدم جمائے رکھنے کے لیے یہ سب کچھ کہنا پڑتا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ آپ ایک اچھی فلم سائن کریں پھر آپ کو کسی کو اپنی مصروفیت بتانے کی اس طرح ضرورت ہی نہیں ہو گی۔
پانی میں فلمائی گئی فلم ' بلیو ' پانی میں چلی گئی۔ اسی کروڑ روپیوں کی لاگت سے بنی فلم کا یہ حشر ہو گا کسے پتہ تھا۔ ہدایت کار انتھونی ڈیسوزا نے فلم کی کامیابی کے لیے بہت کچھ کمال دکھانے کی کوشش کی۔ پانی کے اندر سٹنٹ ، شارک مچھلیوں کے ساتھ لڑائی لیکن شاید وہ بھول گئے کہ صرف سٹنٹ دکھانے سے فلم کامیاب نہیں ہوتی کچھ جذبات کچھ تھرل کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
کساد بازاری کے اس دور کا اثر فلم انڈسٹری پر اب بھی باقی ہے۔ فلم ' لندن ڈریمز ' جس کا بجٹ ایک سو بیس کروڑ روپے تھا، کساد بازاری کی وجہ سے بجٹ کو قائم رکھنا مشکل تھا فلم میں سلمان خان اور اجے دیو گن جیسے ستارے جن کی فیس تیس سے پینتیس کروڑ روپیوں کے درمیان۔۔۔ لیکن وپل شاہ کو اس وقت سخت حیرت ہوئی جب دونوں سپر سٹارز نے اپنی فیس میں پچیس فیصد کی کٹوتی کر دی۔
سلمان خان کے ریمپ شو میں ان کی پوری فیملی ریمپ پر چل رہی تھی جو ریمپ پر نہیں تھے وہ پہلی صف میں بیٹھے انہیں کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔ پہلی مرتبہ ریمپ پر سلمان کی اپنی والدہ سلمی اور ان کی دوسری ماں ہیلن بھی ایک ساتھ اتریں۔ اپنے وقت کی مشہور کیبرے ڈانسر ہیلن نے اس وقت سب کو چونکا دیا جب ریمپ پر ہی انہوں نے سلمی کی پیشانی چوم لی۔
© MMIX