Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 17 october, 2009, 11:27 GMT 16:27 PST

انڈیا: کشمیری کرکٹرز کی گرفتاری

فائل فوٹو

بنگلور میں آئي پی ایل کی چمپیئز لیگ کا بھی ایک میچ سنیچر کو ہونا ہے

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے دو نوجوان کرکٹرز کی گرفتاری پر کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن ‎نے سخت الفاظ میں احتجاج کیا ہے اور اسے کشمیریوں کے ساتھ امتیازی سلوک بتایا ہے۔

جموں کشمیر کرکٹ ایسو ایشن کے سکریٹری محمد سلیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری کھلاڑیوں کو

پولیس نے پریشان اور ہراساں کرنے کے لیے حراست میں لیا ہے۔

سنیچر کو بنگلور پولیس نے اکیس سالہ پرویز رسول اور معراج کو دھماکہ خیز مادہ رکھنے یا لانے کے شبہ میں گرفتار کیا تھا جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

اس پورے معاملے کی وجہ سے چمپئنز لیگ کے میچ کو بھی مؤخر کرنا پڑا ہے۔

بنگلور پولیس کے کمشنر شنکر بدری نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت میں کہا ہے کہ چینا سوامی سٹیڈیم میں دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے کے لیے جو ڈیٹیکٹر نصب کیے گئے تھے وہ کل رات سے ایسا اشارہ دے رہے تھے کہ آس پاس دھماکہ خیز مواد موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تحقیق کرنے سے پتہ چلا کہ یہ مادہ ہوٹل کے کمرہ نمبر ایک سو پانچ میں ہے جب اس کی تلاشی لی گئی تو ڈیٹیکٹر نے ایک بیگ کی شناخت کی تاہم اس میں دھماکہ خیز مادہ نہیں تھا۔اب اس بیگ کو جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا ہے اور شبہ اس بات کا ہے کہ بیگ دھماکہ خیز مواد لانے یا لے جانے کے لیے استعمال کیا ہوگا‘۔

شنکر بیدری کا کہنا تھا کہ جس شخص کا بیگ ہے اسے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔

جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری محمد سلیم نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کھلاڑیوں کا شدت پسندوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے خزانچی احسان مرزا کا کہنا ہے کہ جموں کمشیر کے دو لڑکوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے ایک نام پرویز رسول اور دوسرے کا معراج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی انڈر ٹوّنٹی ٹو ٹورنامنٹ کھیلنے گئے تھے اور دونوں صحیح کردار کے ہیں۔ ان کے بقول بنگلور کی پولیس کشمیری کھلاڑیوں کو ہرساں کرنے کے لیے یہ سب کر رہی ہے۔

بنگلور میں آئی پی ایل چمپئنز لیگ کے میچ کھیلے جا رہے ہیں اور اس کی وجہ سے چینا سوامی میں کھیلا جانے والا میچ وقت پر نہیں ہو سکا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔