
سلمان کانگریس امیدواروں کی حمایت کر رہے ہیں
بالی وڈ کے اداکار سلمان خان اور سنجے دت اس بار اسمبلی الیکشن میں آمنے سامنے ہیں۔ دونوں کی دوستی بالی وڈ میں مشہور ہے لیکن دونوں الگ الگ پارٹیوں کے امیدواروں کے لیے انتخابی تشہیری مہم میں شریک ہو رہے ہیں۔
ممبئی کے مضافاتی علاقے باندرہ مغرب کی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار بابا صدیقی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کے سامنے سماج وادی پارٹی نے ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ کو ٹکٹ دیا ہے۔ بالی وڈ کے ستاروں کی ایک دوسرے کے خلاف گلی محلوں میں شرکت سے ممبئی کا یہ الیکشن کافی دلچسپ ہو گیا ہے۔
باندرہ کا علاقہ بالی وڈ ستاروں کی آماجگاہ ہے۔ دلیپ کمار، عامر خان جیسے ستاروں کے علاوہ یہاں سلمان خان اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں۔ سنیل دت کا خاندان یہاں برسوں سے آباد ہے۔
سلمان خان ہمیشہ سے کانگریس پارٹی کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم میں شریک ہوتے آئے ہیں۔ اس لیے وہ اس مرتبہ بھی تمام کانگریسی پارٹی کے امیدواروں کے لیے انتخابی جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں اور عوام سے کانگریسی امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل بھی کر رہے ہیں لیکن اس مرتبہ انہیں سنجے دت کا سامنا ہے۔
سنجے چاہتے تھے کہ انہیں کانگریس پارٹی گزشتہ پارلیمانی الیشن میں ٹکٹ دے لیکن کانگریس پارٹی نے ان کی بہن پریہ دت کو ٹکٹ دے دیا تھا جس کی وجہ سے سنجے دت نے امر سنگھ کی حمایت کے ساتھ سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

سنجے دت اب اپنی بہن پریہ دت کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں
اب ممبئی کی گلیوں میں ایک طرف سلمان خان نظر آتے ہیں تو ان کےمخالف کیمپ میں سنجے دت۔ بابا صدیقی کے سامنے اسی حلقہ سے سماج وادی پارٹی نے ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ کو ٹکٹ دیا ہے۔ سلمان صدیقی کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں تو دوسری جانب سنجے مرچنٹ کے لیے۔
بالی وڈ ستاروں کی شرکت چاہے اس امیدوار کی کامیابی کی ضامن نہ ہو لیکن جمع اکٹھا کرنے کی ضمانت ضرور بن جاتی ہے۔ شہر میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی میں ریس لگی ہے۔ اگر سنجے کسی حلقے کے امیدوار کی ریلی میں شریک ہوتے ہیں تو مخالف پارٹی کا اُمیدوار سلمان خان سے شرکت کی اپیل کرتا ہے۔
گزشتہ کچھ برسوں سے اکثر سیاسی جماعتیں اپنے اپنے انتخابی جلوس میں بالی وڈ ستاروں کو مدعو کرنے لگی ہیں۔ ستاروں کی عوام میں ایک امیج ہے اور ان کے پرستاروں کو رجھانے کے لیے پارٹیاں یہ ہتھکنڈہ بھی اپناتی ہیں۔ ممبئی کی گلیوں میں اس الیکشن میں صرف سلمان خان اور سنجے دت جوڑی ایک دوسرے کے مقابل ہے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہو گا کہ دونوں میں سے کس ستارے کے امیدوار کو کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
© MMIX