Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 7 october, 2009, 07:03 GMT 12:03 PST

نہرو، ایڈوینا کی محبت پر فلم

جواہر لال نہرو

جواہر لال نہرو اور لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی اہلیہ ایڈوینا کے درمیان گہرا تعلق تھا

ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو اور لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی اہلیہ ایڈوینا کے درمیان محبت تھی، یہ سب مانتے ہیں لیکن اس رشتے کی حدود کیا تھیں، اس پر ہمیشہ سے اختلاف رہا ہے۔

حکومت ہند نے اب نہرو اور ایڈوینا کے رشتہ پر مبنی ہالی وڈ کی ایک فلم کی منظوری دے دی ہے لیکن اس شرط کے ساتھ کہ اس میں جنسی نوعیت کے سین شامل نہ کیے جائیں۔ اور فلم کی منظوری کے بعد سے یہ بحث دوبارہ تازہ ہوگئی ہے کہ نہرو اور ایڈوینا کی محبت کیا واقعی صرف روحانی تھی؟

اسی پس منظر میں جواہر لال نہرو کی اکلوتی بہن وجے لکشمی پنڈٹ کی بیٹی نین تارا سہگل نے کہا ہےکہ نہرو اور ایڈوینا کی دوستی کس حد تک پہنچ گئی تھی یہ کوئی نہیں جانتا۔

’میں وثوق سے نہیں کہہ سکتی کہ کوئی جنسی پہلو تھا ( یا نہیں) ۔کوئی کیسے جان سکتا ہے؟ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ جنسی تعلق بھی تھا، تو یہ صرف قیاس آرائی ہی ہوگی۔یہ دو لوگوں کی نجی زندگی کی بات تھی۔ ان کے درمیان محبت اور دوستی کا تعلق تھا۔ ایک غیر معمولی تعلق۔ یہ ایک عام رشتے سے کہیں زیادہ تھا۔‘

لیکن صحافی اور مورخ ایم جے اکبر، جنہوں نے نہرو کے اوپر ایک کتاب لکھی ہے، کہتے ہیں کہ اس دور میں غیر ازدواجی رشتے عام نہیں تھے، دونوں کے درمیان گہری محبت تھی لیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

’نہرو نے اس رشتے کو کبھی نہیں چھپایا۔ ایڈوینا کے انتقال کے بعد انہوں نے ہندوستان کی پارلیمان میں ایک تعزیتی قرارداد بھی منظور کرائی تھی۔ اور کہتے ہیں کہ جب ایڈوینا کا انتقال ہوا تو نہرو نے انہیں جو خط لکھے تو، وہ ان کے پاس تھے۔‘

ایم جے اکبر اس تاثر کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ تقسیم ہند جیسے تاریخ ساز فیصلوں پر نہرو کو مائل کرنے میں ایڈوینا نے اہم کردار ادا کیا تھا جیسا کہ بال ٹھاکرے جیسے قوم پرست رہنما الزام لگاتے رہے ہیں۔

اسی رشتہ کا تفصیلی ذکر لیڈی پامیلا ماؤنٹ بیٹن نے بھی اپنی کتاب ’انڈیا ریمیمبرڈ‘ میں کیا ہے۔ جس وقت یہ رومانس اپنے عروج پر تھا، پامیلا ہندوستان میں ایڈوینا کے ساتھ ہی تھیں۔
انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا ہے ک’ہم نے پندرہ مہینے ہندوستان میں گزارے، اور اس دوران پنڈت نہرو اور میری والدہ کے درمیان محبت ہوگئی تھی۔‘

جب ایک ٹی وی چینل پر انٹرویو کے دوران ان سے اس کی وضاحت کرنے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے کہ ’میرا مطلب ہے بہت گہری محبت۔ آجکل سب سمجھتے ہیں کہ اس میں جنسی تعلق تو ہونا ہی تھا لیکن اس کے بغیر بھی گہرا اور جذباتی تعلق ہوسکتا ہے۔ ایسے دو لوگوں کے درمیان جو ایک دوسرے کو سمجھتے ہوں، ایک دوسرے کی بات سن سکتے ہوں اور ایک دوسرے کی موجودگی سے اطمینان حاصل کرتے ہوں۔‘

’میں زیادہ تر وقت ان کے ساتھ رہتی تھی، ان کے لیے تھوڑا عجیب ماحول ہو جاتا تھا، کیونکہ میں ہر وقت آس پاس ہی ہوتی تھی۔بہر حال، نہرو ایک انتہائی عزت دار آدمی تھے جو میرے والد کو بہت پسند کرتے تھے۔ اور میری والدہ اور نہرو ہمیشہ انگلینڈ میں یا ہندوستان میں میرے والد کے گھر میں ہی ملتے تھے، اور میرے خیال میں وہ کبھی اپنے دوست کے ساتھ اس طرح دھوکہ نہیں کرتے۔‘

’انڈین سمر’ نامی اس فلم میں ہیو گرانٹ اور کیٹ بلانشیٹ مرکزی کردار ادا کریں گی۔ نہرو اور ایڈوینا کی کہانی ساٹھ سال پرانی ہے اور فلم کی کہانی چاہے جو بھی موڑ لے، ان کے رشتے کی نوعیت پر بحث آسانی سے ختم نہیں ہوگی۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔