
ویک اپ سد میں رنبیر کپور اور کونکنا سین شرما لیڈ رولز میں ہیں۔
ممبئی سمیت مہاراشٹر کے تمام ملٹی پلیکس اور تھیئٹرز میں کرن جوہر پروڈکشن کی فلم ’ویک اپ سد‘ کی نمائش روک دی گئی ہے کیونکہ مہاراشٹر کی علاقائی سیاسی جماعت مہاراشٹر نو نرمان سینا اس فلم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ وہ فلم میں
ممبئی کو بامبے کہنے کی مخالفت کر رہے تھے۔
ممبئی میں سنے میکس ( سائن ) تھیئٹر کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ آج صبح سے اس فلم کی نمائش کی جانی تھی لیکن انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فلم کا شو منسوخ کر دیں۔
دریں اثناء منسے کے ترجمان کیتن پیڈنیکر نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی پارٹی گزشتہ کچھ وقت سے یہ مطالبہ کر رہی تھی کہ فلم سے بامبے لفظ نکال دیا جائے اور کرن جوہر نے وعدہ کیا تھا کہ وی ایسا ہی کریں گے لیکن فلم بغیر کانٹ چھانٹ کے ریلیز کر دی گئی۔
پیڈنیکر کا کہنا تھا کہ جب تک فلم سے لفظ بامبے نکال نہیں دیا جاتا وہ اس کی مخالفت کریں گے کیونکہ بامبے انگریزوں کا دیا نام ہے جبکہ ممبئی ممبا دیوی مندر کے نام پر رکھا گیا ہے۔
دریں اثناء موصولہ اطلاعات کے مطابق کرن جوہر نے منسے کے صدر راج ٹھاکرے سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور فلم سے لفظ بامبے نکال کر اسے ممبئی کرنے کا وعدہ کر لیا ہے۔ پیڈنیکر نے جو خود اس میٹنگ میں موجود تھے، کہا کہ کرن جوہر نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ فلم بناتے وقت محتاط رہیں گے۔
’ویک اپ سد‘ رنبیر کپور اور کونکنا سین شرما کی فلم ہے۔ فلم آج ہی ریلیز ہونے والی تھی کہ اس ہنگامہ کی وجہ سے تمام تھیئٹرز میں اس کی نمائش ملتوی کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کی تمام پرنٹس تھیئٹرز کو بھھیجی جا چکی ہیں اور اب ان سب کو واپس منگا کر اس میں ایڈیٹنگ کرنا بہت مشکل کام ہے۔
فلموں کےخلاف اس طرح کے احتجاج نئی بات نہیں ہے۔ شاہ رخ کی فلم ’ بلو باربر‘ اور مادھوری ڈکشت کی فلم ’ آ جا نچ لے ‘ کے گیتوں کےخلاف بھی ہنگامے ہوئے تھے۔ عامر اور امیتابھ بچن کی فلم کے خلاف بھی پر تشدد مظاہرے ہو چکے ہیں۔
© MMIX