Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 30 september, 2009, 12:37 GMT 17:37 PST

منا ڈے کے لیے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

منا ڈے: بشکریہ ریڈف ڈاٹ کام

منا ڈے نے کئی زبانوں میں یادگار گیت گائے ہے۔ (بشکریہ ریڈف ڈاٹ کام)

نامور گلوکار پربھود چندر ڈے عرف منا ڈے کو ملک کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

یہ ایوارڈ ہر برس فلمی دنیا کی ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اس شعبہ میں کارہائے نمایاں انجام دیے ہوں۔

نوے سالہ منا ڈے کو موسیقی کی دنیا کا زندہ مثالی فنکار( لیونگ لیجنڈ ) کہا جاتا ہے۔ ان کا شمار ہندستانی فلمی دنیا میں نامور اور عظیم گلوکاروں میں کیا جاتا ہے۔ گلوکارمحمد رفیع ، کشور کمار، مکیش کے ساتھ ہی منا ڈے نے بھی فلمی دنیا میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اب تک ہندی اور بنگالی سمیت تین ہزار پانچ سو نغموں کو اپنی صدا دی۔ ان کے چند نغمے بے حد مقبول ہوئے۔

فلم شعلے کا گیت یہ دوستی ہم نہیں چھوڑیں گے بہت ہی مقبول نغمہ ہے جسے انہوں نے کشور کمار کے ساتھ گایا تھا۔ فلم پڑوسن میں کشور کمار کے ساتھ ’ایک چتر نار‘ میں ان کی جگل بندی سننے کے قابل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے فلم زنجیر میں پران پر فلمایا گیت ’یاری ہے ایمان میرا یار میری زندگی‘ گایا جسے صدا بہار نغموں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

انیس سو تینتالیس میں انہوں نے فلم ’تمنا‘ میں اس وقت کی مشہور گلوکارہ ثریا کے ساتھ ایک گیت گایا تھا اس کے بعد ان کے کئی گیت مقبول ہوئے البتہ انہوں نے اپنا پہلاسولو نغمہ ’اوپر گگن وشال‘ صدا بند کیا جو اپنے وقت کا بہت ہی مقبول نغمہ تھا۔اس کے بعد سے ہندی فلموں میں اکثر کلاسیکی نغموں کے لیے منا ڈے کی آواز میں ہی گیت گوایا جاتا۔

منا ڈے کی آواز ایک منفرد آواز مانی جاتی ہے۔ اس وقت کے مشہور اور عظیم گلوکاروں کے درمیان اپنی الگ پہچان بنانا آسان بات نہیں تھی لیکن منا ڈے نے اسے کر دکھایا۔

کلاسیکی موسیقی سے انہیں رغبت تھی اس لیے انہوں نے استاد امان علی خان اور استاد عبدالرحمٰن خان سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی۔ ان کی اپنی مادری زبان بنگالی میں انہوں نے کئی گیت گائے۔ سچن دیو برمن کے ساتھ انہوں نے معاون کے طور پر میوزک کمپوز بھی کیا تھا۔

منا ڈے نے موسیقی کے اس سفر میں کئی اعزازات حاصل کیے۔ انہیں فلم ’میرے حضور‘ میں گائے گیت کے لیے اس سے پہلے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ بنگالی فلم میں بھی گیت گانے پر انہیں یہی اعزاز مل چکا ہے۔

منا ڈے کو پدم شری ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔ منا ڈے نے صرف ہندی یا بنگالی زبانوں میں ہی گیت نہیں گائے بلکہ وہ کئی زبانوں میں گیت گا چکے ہیں۔ کیرلا حکومت کے علاوہ حکومت بنگال اور مہاراشٹر حکومت انہیں مختلف اعزازات سے نواز چکی ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔