Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 3 july, 2009, 12:04 GMT 17:04 PST

'ممتا بینرجی نے انتخابی وعدہ یاد رکھا'

منموہن سنگھ

منموہن سنگھ کا کہنا تھا کہ اس بجٹ کو پیش کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے انکے انتخابی وعدے کو یاد رکھا ہے۔

ہندوستان کی ریلوے وزیر ممتا بینرجی نے جمعہ کو ریل بجٹ پیش کیا۔ ریلوے کے کرائے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور ممتا بینرجی نے کہا کہ عام آدمی کی سہولتیں انکی پہلی ترجیج ہے۔

ممتا بینرجی کے بجٹ پر وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ ممتا بینرجی نے بہت کم وقت میں ایک اچھا بجٹ پیش کیا ہے اور انہوں نے حکومت کے انتخابی وعدے کو دھیان میں رکھتے ہوئے ایسا بجٹ بنایا ہے جو عام آدمی کے حق میں ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں بنیادی سہولتیں، حفاظت اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی بات کہی جو کے قابل تعریف ہے۔

ریلوے کے سابق وزیر لالو پرساد یادو نے کہا ' ممتا بینرجی احساس کمتری کا شکار ہیں۔ جو ریلوے 18 فی صد کی شرح سے ترقی کررہا تھا اب وہ 8 فی صد کی شرح سے ترقی کررہا ہے اور اگر یہی حالات رہے تو حالات اور بدتر ہونگے'۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے کہا ہے کہ ریل کےکرائے نہ بڑھانا ایک اچھا فیصلہ ہے لیکن ریلوے سٹیشنز کی جدیدکاری کے کام کے لیے پبلک پرائیوٹائزیشن اچھا فیصلہ نہیں ہے۔

وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ریلوے کی وزیر ممتا بینرجی اگر اپنے وعدے پورا کرتی ہیں تو کہا جاسکتا ہے کہ یہ اچھا بجٹ ہے۔

وہیں ایسوسی ایٹڈ چیمبرس آف کامرس یعنی اسوچیم کے صدر مسٹر سجن جندل نے نئے بجٹ پر ممتا بینرجی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب عام لوگ اور انڈسٹری کسادبازاری کی مار جھیل رہا ہے کرائے میں اضافہ نہ کرنا ایک مثبت قدم ہے اور یہ عام آدمی کے حق میں ہے۔

وہیں ایوان صنعت اور تجارت فکی کے صدر ہرش پتی سنگانیہ کا کہنا ہے کہ یہ بات صاف ہے کہ ممتا بینرجی کا بجٹ کا ترقی پسند بجٹ ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔