
پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے
ممبئی کے مضافاتی علاقے میرا روڈ کی رہائشی دو لڑکیوں نے اپنے باپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی برس سے ان کے خاندانی جیوتش کے ساتھ مل کر انہیں مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
پولیس نے بدھ کی رات لڑکیوں کے باپ اور خاندانی جیوتش کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کی ماں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ماں پر الزام ہے کہ اس نے اس جرم میں اپنے شوہر کا ساتھ دیا ہے۔ تینوں ملزمان کو جمعرات کوعدالت میں پیش کیا جانا ہے۔
میرا روڈ پولیس سٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر مکند مہاجن کے مطابق یہ لڑکیاں ایک تجارتی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ اپنی نانی اور ماموں کے ہمراہ پولیس سٹیشن آئی تھیں جہاں انہوں نے شکایت کی کہ ان کے خاندانی جیوتش نے ان کے باپ اور ماں سے کہا تھا کہ ان کے گھر میں اس وقت خوشحالی آئے گی جب وہ اپنی ہی لڑکیوں کی عصمت دری کریں گے۔
انسپکٹر مہاجن کے مطابق بڑی لڑکی جس کی عمر اس وقت اکیس برس ہے، اس کے باپ اور تانترک نے اس وقت اس سے جنسی زیادتی کی جب وہ محض گیارہ سال کی تھی۔ لڑکی کا الزام ہے کہ اس میں ان کی ماں نے بھی لڑکی کو دھمکایا تھا کہ جو کچھ ان کے باپ اور تانترک کہہ رہے ہیں وہ اسے کرتی رہیں اور زبان نہ کھولیں کیونکہ اس کے ایسا کرنے سے گھر میں خوشحالی آئے گی۔
انسپکٹر مہاجن کا کہنا ہے کہ بڑی لڑکی کے بعد اس کے باپ اور تانترک نے گزشتہ برس اس کی چھوٹی بہن سے بھی جنسی زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق بڑی بہن کا کہنا ہے کہ جب اس نے دیکھا کہ اس کی چھوٹی بہن سے بھی جنسی زیادتی ہو رہی ہے تو اس نے یہ سارا ماجرا اپنی نانی اور ماموں کو بتا دیا۔ انسپکٹر مہاجن کا کہنا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا ایسا پہلا کیس ہے جہاں باپ کے ساتھ سگی ماں ہی اپنی بیٹیوں کی عصمت دری میں شامل ہے۔
© MMIX