BBC navigation

آسکر ایوارڈز: بہترین فلم کا انعام آرگو کے نام

آخری وقت اشاعت:  پير 25 فروری 2013 ,‭ 05:37 GMT 10:37 PST

بہترین فلم کا ایوارڈ اداکار اور ہدایتکار بین ایفلِک کو دیاگیا۔

امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے ہالی وڈ میں آسکرز یا اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین فلم ’آرگو‘ قرار پائی ہے جبکہ بہترین اداکار کا انعام ’لنکن‘ کے کردار کے لیے ڈینیئل ڈے لوئس اور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ’سلورلائننگز پلے بک‘ کے لیے جنیفر لارنس کو دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بہترین فلم کا اعلان امریکہ کی خاتونِ اول مشیل اوباما نے کیا۔ انھوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وائٹ ہاؤس سے براہِ راست فاتح فلم کا اعلان کیا۔

کرسٹوفر والٹز نے فلم ’جینگو ان چینڈ‘ میں اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کا انعام جیتا تو وہیں بہترین معاون اداکارہ کے لیے یہ ایوارڈ ’لے مزرابل‘ میں این ہیتھوے کو دیا گیا۔

’لائف آف پائی‘ کے ہدایتکار آنگ لی کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔ لا‏‏ئف آف پائی کے لیے یہ چوتھا ایوارڈ تھا جبکہ آنگ لی کو 2006 کے بعد دوسری بار بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ ملا ہے۔

واضح رہے کہ این ہیتھوے کو ’لے مزرابل‘ میں ایک فیکٹری میں کام کرنے والی فینٹائن کے کردار کے لیے گولڈن گلوب اور بافٹا میں بھی اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔

جنیفر لارنس

جنیفر لارنس کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا

اوریجنل سکور کے لیے ’لائف آف پائی‘ کو انعام سے نوازا گیا اور اسے بہترین سینماٹوگرافی کا بھی انعام ملا ہے۔ اس کے علاوہ بہترین ویژوئل ایفکٹس کا ایوارڈ بھی ’لائف آف پائی‘ کو گیا ہے۔

بہترین فلم ایڈیٹنگ کا انعام فلم ’آرگو‘ کو ملا ہے۔

برطانوی گلوکارہ اڈیل کو بانڈ فلم ’سکائی فال‘ کے تھیم سانگ کے لیے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

85ویں اکیڈمی ایوارڈز کی سالانہ تقریب اتوار کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے امریکی شہر لاس اینجیلس کے کوڈک ڈولبی تھیٹر میں شروع ہوئی۔

اس تقریب میں فلمی دنیا کے تمام بڑے ناموں نے شرکت کی جنھیں ’ریڈ کارپٹ‘ پر دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ اس موقعے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

2013 کا پہلا آسکر ایوارڈ کرسٹوفر والٹز نے فلم جینگو ان چینڈ میں بہترین معاون اداکار کے لیے جیتا۔ اس ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ رابرٹ ڈی نیرو اور ٹامی لی جونز سے تھا۔

یہ والٹز کا دوسرا آسکر ایوارڈ ہے اور دونوں مرتبہ انہیں یہ ایوارڈ ہدایت کار کوئنٹن ٹیرنٹینو ہی کی فلم میں کام پر ملا ہے۔ اس سے قبل 2010 میں انہوں نے فلم ’انگلوریئس باسٹرڈز‘ میں نازی کرنل کے کردار پر آسکر جیتا تھا۔

اینی ہیتھوے

اینی ہیتھوے کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ لامزرابل کے لیے دیا گیا

گذشتہ سال کی سب سے معمر معاون اداکارہ کرسٹوفر پلومر نے اس سال کی معاون اداکارہ کے نام کا اعلان کیا اور یہ انعام لے مزرابل میں اپنے کردار کے لیے اینی ہیتھوے کو دیا گیا۔

اس انعام کے بعد وہ رو پڑیں اور انھوں نے کہا کہ ’بالآخر یہ بات سچ ثابت ہوئی۔‘

اس سے قبل فلم ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ اور بانڈ فلم ’سکائی فال‘ کو مشترکہ طور پر بہترین ساؤنڈ ایڈیٹنگ کا ایوارڈ دیا گیا۔ واضح رہے کہ 1965 کے بعد پہلی بار کسی بانڈ فلم کو آسکر ملا ہے۔

فلم آمور کو غیر ملکی زباں کی بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کی ہدایات 70 سالہ مائیکل ہینیکے نے دی ہے۔

بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم کا ایوارڈ ’بریو‘ کو دیا گیا جبکہ ڈزنی کی ’پیپر مین‘ مختصر دورانیے کی بہترین اینیمیٹڈ فلم قرار پائی ہے۔

سیتھ میکفلیرن نے اس تقریب کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیے اور شرلی بیسی، نورا جونز اور باربرا سٹرائسنڈ نے اس تقریب کے دوران فن کا مظاہرہ کیا۔

گلوکارہ ایڈیل جیمز بانڈ سیریز کی فلم سکائی فال کا ’تھیم سانگ‘ گا کر اس سیریز کی فلموں کے پچاس برس کی تکمیل کے جشن کا حصہ بنیں۔

رواں برس آسکرز کے لیے مقابلے کو کئی برسوں کے دوران سب سے غیریقینی قرار دیا جا رہا تھا اور کسی ایک فلم کے زیادہ ایوارڈ جیتنے کا امکان ظاہر نہیں کیے جا رہے تھے۔

"آج میں آسکر جیتنے والی نہیں۔ میرے خیال میں یہ سال میرا نہیں ہے۔"

جیسیکا چیسٹن

بہترین فلم کے لیے اصل مقابلہ اداکار اور ہدایتکار بین ایفلک کی فلم ’آرگو‘ اور شہریت یافتہ ہدایتکار اور فلمساز سٹیون سپیلبرگ کی فلم ’لنکن‘ کے درمیان توقع تھا جس میں بلاخر آرگو نے کامیابی حاصل کی۔

لنکن فلم کو رواں برس سب سے زیادہ بارہ نامزدگیاں ملیں جبکہ لائف آف پائی کوگیارہ، لے میزاب اور سلور لائننگ پلے بک کو آٹھ آٹھ جبکہ آرگو کو سات شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا۔

فلم ’لنکن‘ میں امریکی صدر ابراہم لنکن کو اپنی صدارت کے آخری چار ماہ میں خانہ جنگی اور غلامی ختم کرنے کے لیے قانون سازی کی جدوجہد میں سرگرداں دکھایا گیا ہے۔

اس کے مقابلے میں ’آرگو‘ ایک سیاسی تھرلر ہے جو 1979 میں سی آئی اے اور کینیڈا کی اس مشترکہ کارروائی کے بارے میں ہے جس کا مقصد چھ امریکیوں کو ایران سے نکالنا تھا۔ اس مقصد کے لیے ایک جعلی فلم کمپنی بھی قائم کی گئی تھی۔

’لنکن‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ڈینیئل ڈے لوئیس بہترین اداکار کا آسکر جیتنے کے لیے مضبوط امیدوار تھے جبکہ اس سال بہترین معاون اداکارہ کے لیے فلم ’لا میزراب‘ کی این ہیتھوے فیورٹ تھیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔