
دس فروری کو امیتابھ بچن کو ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں گیارہ فروری کو ان کا آپریشن کیا گیا
پیٹ میں تکلیف کے باعث بارہ دن ہسپتال میں گزارنے کے بعد بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کو ڈاکٹروں نے گھر جانے کی اجازت دے دی۔
اجازت ملنے کے بعد سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ ترین اپ ڈیٹ میں امیتابھ نے لکھا ’بغیر پٹی اور سوئیوں کے شاور کے نیچے نہانا کچھ ایسا لگا جیسے دوبارہ جنم ہوا ہو۔‘
چھٹی سے پہلے ہسپتال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بگ بی کی صحت میں بہتری کو دیکھتے ہوئے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
ہسپتال سے فارغ ہونے سے پہلے امیتابھ نے دن میں ٹويٹ کیا تھا ’چھٹی کی خبر کے بعد سے ہی میرا دل گھر واپس آنے کی خواہش کرنے لگا ہے۔ جلد ہی میں گھر کی چھت کے نیچے چین سے سو سکوں گا۔ میں نے ابھی سے منصوبے بنانا بھی شروع کر دیے ہیں، لیکن گھر پہنچ کر کچھ تخلیقی موضوعات پڑھوں گا۔ کچھ ایسے موضوع جو آج بھی میرے لیے راز بنے ہوئے ہیں۔‘
واضح رہے کہ دس فروری کو پیٹ میں درد کی شکايت کے بعد انہیں ممبئی کے اندھیری اُپنگر میں واقع ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں گیارہ فروری کو ان کا آپریشن کیا گیا۔
سنہ انیس سو بیاسی میں ریلیز ہوئی فلم ’قلی‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کے پیٹ میں شدید چوٹ لگی تھی جس کی وجہ سے انہیں پہلے بھی ہسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔



















