bbc.co.uk navigation

سیف علی خان کے خلاف مقدمہ درج

آخری وقت اشاعت:  بدھ 22 فروری 2012 ,‭ 10:28 GMT 15:28 PST
سیف علی خان

سیف علی خان سے پولیس ابھی رابطہ نہیں کر پائی ہے

ممبئی میں بالی وڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان کے خلاف زدوکوب کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ان سے پوچھ گچھ کے لیے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ممبئی کےنائب پولیس کمشنر اقبال شیخ نےایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً ساڑھے بارہ بجے پیش آیا جب سیف علی خان، کرینہ کپور اور آٹھ دس دیگر افراد، جن کا تعلق بھی فلم انڈسٹری سے بتایا گیا ہے، ممبئی کے مشہور تاج محل ہوٹل کے ایک ریستوران میں کھانا کھا رہے تھے۔

سیف علی خان اور دیگر افراد کے خلاف اقبال شرما نام کے ایک شخص نے زدوکوب کی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ پولیس کے مطابق اقبال شرما بھارتی نژاد جنوبی افریقی شہری ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہوٹل میں کھانا کھا رہے تھے کہ کسی بات پر کہا سنی ہوئی اور مار پیٹ کی نوبت آگئی۔

اے سی پی اقبال شیخ نے کہا کہ سیف علی خان سے پوچھ گچھ کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن فی الحال پولیس کو کامیابی نہیں ملی ہے۔

ان کے خلاف جو مقدمہ قائم کیا گیا ہے وہ قابل ضمانت ہے۔ پولیس نے اس بات سے انکار کیا کہ سیف ’فرار‘ ہیں۔ اقبال شیخ کا کہنا تھا کہ ’بس ابھی ان سے رابطہ نہیں ہو پایا ہے لیکن ہم ان کے سٹاف اور دوستوں سے بات کر رہے ہیں۔‘

سیف کی نئی فلم ایجنٹ ونود اسی ہفتے ریلیز ہونے والی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود افراد کے بیان ریکارڈ کیے ہیں۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں اقبال شیخ نے کہا کہ گرفتاری آخری قدم ہوتا ہے اور اس سے پہلے پولیس سیف علی خان سے پوچھ گچھ کرے گی تاکہ ان کا موقف بھی معلوم کیا جاسکے۔

بتایا جاتا ہےکہ سیف علی خان کے خلاف دفعہ تین سو پچیس کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ سات سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

غیر تصدیق شدہ اخباری اطاعات کے مطابق اقبال شرما نے دعوی کیا ہےکہ منہ پر گھونسا لگنے سے ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ اقبال شرما نے سیف اور ان کے ساتھیوں سے کہا تھا کہ وہ شور کم مچائیں جس کے بعد دونوں میں کچھ کہا سنی ہوئی لیکن پولیس نے فی الحال تفصیلات بتانے سے انکار کیا ہے۔

بتایا جاتا ہے سیف علی خان کے مینجر جلدی ہے اس سلسلےمیں ایک بیان جاری سکتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔