bbc.co.uk navigation

اداکارہ تمنا بیگم انتقال کرگئیں

آخری وقت اشاعت:  پير 20 فروری 2012 ,‭ 08:53 GMT 13:53 PST

پاکستان کی نامور اداکارہ اور صدا کارہ تمنا بیگم پیر کے روز انتقال کر گئی ہیں، وہ کافی عرصے سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھیں۔

تمنا بیگم کی پیدائش لاہور میں ہوئی، جس کے بعد وہ کراچی منتقل ہوگئیں اور یہاں مستقل سکونت اختیار کرلی۔

تمنا نے دیگر کئی مقبول اداکاروں کی طرح اپنے کیریئر کی ابتدا انیس سو ساٹھ میں ریڈیو پاکستان سے بطور صدا کارہ کی، جس کے بعد تھیٹر میں بھی اپنے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ستر کی دہائی میں انہوں نے پاکستان فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور اسّی کی دہائی تک کئی مقبول اور یادگار فلموں میں کام کیا، ان کا کردار زیادہ تر منفی ہوتا تھا مگر ان کے ڈائیلاگ اور انداز بیان لوگوں کو یاد رہتا تھا۔ ان کی مقبول فلموں میں الزام، ناداں اور بھروسہ شامل ہیں۔

پاکستان میں فلمی انڈسٹری کے زوال کے بعد انہوں نے ٹی وی ڈراموں کا رخ کیا اور آخری وقت تک اس سے وابستہ رہیں۔

گزشتہ سال ان کی طبیعت میں خرابی کے باعث انہیں ہپستال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے گردوں میں خرابی کا پتہ چلا جس کے بعد وہ نامور سرجن ڈاکٹر ادیب رضوی کے وارڈ میں زیر علاج رہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے حکومت کی جانب سے سرپرستی نہ کرنے پر شکوہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اتنی محنت کی اور اتنا نام پیدا کیا اب کمزور ہوگئی ہیں اب وہ کوئی بات برداشت نہیں کرسکتیں اس سے پہلے ہر بات ہنس کر ٹال دیتی تھیں مگر اب قابو نہیں رہتا۔

تمنا بیگم کی نمازہ جنازہ پیر کی دوپہر نارتھ ناظم آباد میں ادا کی جائیگی جس کے بعد مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔