bbc.co.uk navigation

وٹنی ہوسٹن کی آبائی قصبے میں تدفین

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 18 فروری 2012 ,‭ 13:25 GMT 18:25 PST

وٹنی کے جنازے کی تقریب انٹرنیٹ پر براہِ راست نشر کی جائے گی

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ وٹنی ہوسٹن کو سنیچر کو ریاست نیوجرسی میں واقع ان کے آبائی قصبے نیوآرک میں سپردِ خاک کیا جا رہا ہے۔

اڑتالیس پاپ گلوکارہ کو گزشتہ ہفتے لاس اینجلس کے ایک ہوٹل میں ان کے کمرے کے باتھ ٹب میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔

طبی حکام تاحال ان کی ہلاکت کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ان کی نعش کی جانچ کرنے والوں نے کہا تھا کہ ان کی موت کے پسِ پردہ کوئی سازش نظر نہیں آتی۔

وٹنی کے جنازے کو ان کے اسی خاندانی گرجا گھر لایا جائے گا جہاں سے انہوں نے گلوکاری کا آغاز کیا تھا۔

وٹنی ہوسٹن کا پس منظر روحانیت اور گرجا گھر میں مناجات خوانی سے بھرپور تھا اور وہ اپنی والدہ کے مذہبی طائفے میں مناجات خوانی کرتی تھیں۔

جنازے میں صرف چنندہ مہمانوں کو دعوت دی گئی ہے تاہم یہ تقریب انٹرنیٹ پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔

وٹنی ہوسٹن کے جنازے کی تقریب میں سٹیو ونڈر اور آریتھا فرنکلن بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ہوسٹن اپنے زمانے کی مقبول ترین خاتون گلوکارہ رہیں۔ ان کے گانے ’آئی وِل آلویز لو یو‘ اور سیونگ آل مائی لوّ فار یو‘سب سے زیادہ پسند کیے گئے۔

وٹنی ہوسٹن اپنے زمانے کی مقبول ترین خاتون گلوکاراؤں میں سے ایک تھیں

انہوں نے نیو جرسی میں پرورش پائی اور چرچ میں گانا شروع کیا۔ اس کے بعد انہوں نے نیویارک کے نائٹ کلبز میں گانا شروع کر دیا اور ایریسٹا ریکارڈ کی جانب سے گلوکاری سے قبل انہوں نے ماڈلنگ بھی کی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی کئی مسائل کا شکار رہی جن میں ان کی گلوکار بوبی براؤن کے ساتھ کشیدہ اور پرتشدد ازدواجی زندگی شامل ہے۔

انیس سو اسی اور نوے کی دہائی میں اپنے کیریئر کے عروج پر انہوں نے کئی اعزازات حاصل کیے اور کئی مقبول انفرادی گانے اور البم دیے۔ موسیقی کے نقادوں کا کہنا ہے کہ کئی گلوکاراؤں نے ان کے طرزِ موسیقی کی نقل کرنے کی کوشش کی لیکن اُن جتنی خالص اور اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائیں۔

وٹنی ہوسٹن نے بطورِ اداکارہ بھی کئی فلموں میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی مقبول فلموں میں ’دی باڈی گارڈ‘ اور ’ ویٹنگ ٹو ایگزہیل‘ شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔