bbc.co.uk navigation

آپریشن کامیاب، امیتابھ بچن رو بہ صحت

آخری وقت اشاعت:  پير 13 فروری 2012 ,‭ 08:39 GMT 13:39 PST
 امیتابھ بچن اپنی بیگم جیہ بچن کے ہمراہ

امیتابھ بچن گزشتہ چالیس برس سے بھارتی سینما پر چھائے ہوئے ہیں۔

معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن تیزی کے ساتھ رو بہ صحت ہیں۔ ہفتے کے روز ان کا ممبئی کے ایک ہسپتال میں آپریشن کیا گیا تھا۔

امیتابھ کی سرجری ممبئی کے اندھیری علاقہ میں واقع سیون ہلز ہسپتال میں ہوئی۔ یہ وہی ہسپتال ہے جہاں گزشتہ سال ایشوریا رائے بچن نے بیٹی کو جنم دیا تھا۔

انہتر سالہ امیتابھ کو معدہ کی خرابی کی پرانی شکایت رہی ہے۔ انھیں پچھلی بار سن دو ہزار آٹھ میں پیٹ میں درد کی شکایت کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اس سے قبل دو ہزار پانچ میں اسی ہسپتال میں ان کی آنتوں کی سرجری ہوئی تھی۔

سنہ انیس سو بیاسی میں فلم ’قلی‘ کے سیٹ پر ایک خطرناک حادثے میں امیتابھ بچن کے پیٹ میں شدید چوٹ لگی تھی جس سے ان کی انتڑیوں کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ اس کے بعد سے وہ پیٹ کی بیماری کا شکار رہے ہیں۔

امیتابھ کے بیٹے ابھیشیک بچن جو بذات خود ایک اداکار ہیں انھوں نے ایک ٹوئيٹ میں بتایا ہے کہ ’آپریشن تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا اور تمام چیزیں معمول پر ہیں۔‘

"میرا پیٹ ایک جنگ کا میدان رہا ہے اور اسے یہ بھی جھیلنا پڑے گا"

امیتابھ بچن

امیتابھ بچن کے بیٹے نے کہا کہ اگر تمام چیزیں خیرو عافیت کے ساتھ رہیں تو اسی ہفتے انھیں ہسپتال سے رخصت مل جائے گی۔

اس سے قبل امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں کہا تھا ’میرا پیٹ ایک جنگ کا میدان رہا ہے اور اسے یہ بھی جھیلنا پڑے گا۔‘

امیتابھ بچن گزشتہ چالیس برس سے بھارتی سینما پر چھائے ہوئے ہیں اور وہ اب تک ایک سو اسّی بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

گذشتہ سال وہ ایک بار پھر سے کون بنے گا کروڑ پتی کے ہاسٹ کے طور ٹیلی ویژن پر واپس آئے۔ یہ ٹی وی شو بھارت کے مقبول ترین شو میں سے ایک ہے۔

اس کے علاوہ امریکی فلم کمپنی وارنر برادرز کے ایک پروڈیوسر کے مطابق امیتابھ بچن پہلی بار ہالی وڈ کی ایک فلم میں ایک یہودی جواری کا کردار ادا کررہے ہیں۔

بارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے اس فلم میں مرکزی کردار اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو ادا کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔