
تقریبات کا آغاز پورٹ سمتھ میں چارلس ڈکنز کے آبائی گھر کے باہر ہوگا
مشہور مصنف چارلس ڈکنز کے دو سوویں یومِ پیدائش کی تقریبات منگل سے شروع ہو رہی ہیں۔
ان عالمی تقریبات میں برطانوی شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ بھی حصہ لیں گے اور شہزادہ چارلس لندن میں ویسٹ منسٹر ایبے قبرستان میں ڈکنز کی قبر پر رسمی چادر بھی چڑھائیں گے۔
اس موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں ان کی تحریروں کو پڑھنے کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
سوانح نگار سائمن کیلو کا جو کہ ڈکنز کی جائے پیدائش پورٹس ماؤتھ میں ایک رسمی تقریب میں ان کی ایک تحریر میں سے پڑھیں گے، کہنا تھا کہ یہ دن انتہائی شدید جذبات کو اجاگر کرے گا۔
سائمن کیلو ڈکنز کی کتاب ’ڈیوڈ کوپرفیلڈ‘ میں سے کچھ صفحات پڑھیں گے۔ یہ ایک یتیم لڑکے کی کہانی ہے جسے بہت سے لوگ مصنف کی خود نوشت سوانح عمری سمجھتے ہیں۔
سینٹ میری چرچ میں ہونے والی رسومات میں اداکارہ شیلا ہینکوک بھی کتاب ’اولیور ٹوئسٹ‘ کے اقتباسات پڑھیں گی۔
پورٹ سمتھ میں تقریبات کا آغاز مصنف کے آبائی گھر کے باہر ہوگا جہاں ان کے پڑ پوتے این ڈکنز بھی موجود ہوں گے۔
ویسٹ منسٹر ایبے کے ڈین پادری ڈاکٹر جان ہال کا کہنا تھا کہ ڈکنز کی انسانیت اور رحم نے اس دور کے برطانیہ پر اپنی کہانیوں سے ایک منفرد اثر ڈالا جو کہ آج بھی مقبول ہیں۔
لندن میں منگل کو شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ چارلس ڈکنز میوزیم کا دورہ کریں گے۔ یہ میوزیم سنہ انیس سو پچیس میں اس گھر میں کھولا گیا جہاں مصنف نے دو سال (1837 - 1839)گزارے۔
امریکی اداکارہ جیلین انڈرسن شاہی خاندان کے لیے منعقدہ اس خصوصی تقریب میں بھی ڈکنز کی کتاب سے پڑھ کر سنائیں گی۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر منعقد تقریبات میں بھی اسی طرح کی رسومات رکھی گئی ہیں۔



















