Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Wednesday, 11 november, 2009, 16:56 GMT 21:56 PST

مائیکل جیکسن کے والد کی درخواست مسترد

جو جیکسن

جو جیکسن اپنے بیٹے کی جائیداد میں سے کچھ نہیں لے سکتے ہیں اور یہ فیصلہ ان کے بیٹے کا تھا: عدالت

امریکہ کی ایک اعلٰی عدالت نے کہا ہے کہ پاپ سٹار مائیکل جیکسن کے والد جو جیکسن اپنے بیٹے کے کسی بھی اثاثے کے حق دار نہیں ہیں۔

امریکی شہر لاس اینجلس کی ایک اعلٰی عدالت کے جج مچل بیکلوف نےجو جیکسن کی اس درخواست کو بھی مسترد کر دیا ہے جس میں انھوں نے آنجہانی پاپ سٹار کی جانب سے ان کی وصیت پر عمل درآمد کرانے والوں کو چیلنج کیا تھا۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق ’جو جیکسن اپنے بیٹے کی جائیداد میں سے کچھ نہیں لے سکتے ہیں اور یہ فیصلہ ان کے بیٹے کا تھا۔‘ عدالت جو جیکسن کی اس درخواست کی سماعت دس دسمبر کو کرے گی جس میں انھوں نے جائیداد سے ماہانہ وظیفے کی درخواست کی ہے۔ جو جیکسن کے مطابق ان کا ماہانہ خرچ پندرہ ہزار ڈالر سے زائد بنتا ہے۔

اکیاسی سالہ جو جیکسن کے وکیل نے لاس اینجلس کی عدالت میں ایک عرضی دی تھی جس کے مطابق ان کے ماہانہ اخراجات بیس ہزار ڈالر ہیں جبکہ حکومت انہیں صرف سترہ سو ڈالر دیتی ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مائیکل جیکسن کی پچیس جون کو اچانک موت کے بعد ان کی جائیداد سے تقریباً دس کروڑ ڈالر کی کمائی ہوئی ہے۔

اس عرضی پر مائیکل جیکسن کی جائیداد کی دیکھ بھال کرنے والے وکیل ہاورڈ وتزمین نے اس پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔ ’جیکسن کی عرضی پر ویسے ہی غور کیا جائیگا جیسے مائیکل کی جائداد سے دوسری درخواستوں پر کیا گیا ہے۔‘

مائیکل جیکسن نے اپنی وصیت نامہ میں اپنے باپ کو علیحدہ رکھا تھا لیکن اپنی ماں اور بچوں کا وصیت میں ذکر کیا تھا۔گزشتہ ماہ عدالت نے ان کی ماں کیتھرین جیکسن اور بچوں کے لیے ماہانہ وظیفہ منظور کیا تھا۔

وکیل نے عدالت میں جو کاغذات جمع کیے تھے اس کے مطابق جو جیکسن کی کوئی باقاعدہ آمدنی نہیں ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے وہ اپنے بیٹے کے پیسوں پر جیتے رہے ہیں جو انہیں ان کی بیوی کیتھرین کے ذریعے ملتے ہیں۔ عرضی میں مسٹر جو کی بیماریوں کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

مائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین جیکسن نے اپنے بیٹے کی جائیداد کی دیکھ بھال کرنے والوں کے خلاف درخواست واپس لے لی ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔