Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Saturday, 7 november, 2009, 13:59 GMT 18:59 PST

مائیکل جیکسن کے والد کا وظیفے کا مطالبہ

جو جیکسن

مائیکل جیکسن کے والد بیٹے کی وصیت سے محروم رہے

پاپ سٹار مائیکل جیکسن کے والد جو جیکسن نے اپنے بیٹے کی جائیداد سے ماہانہ وظیفے کی درخواست دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مائیکل انتقال سے پہلے کئی برس تک ان کی مدد کرتے رہے تھے۔

اکیاسی سالہ جو جیکسن کے وکیل نے لاس اینجلس کی عدالت میں ایک عرضی دی ہے جس کے مطابق ان کے ماہانہ اخراجات بیس ہزار ڈالر ہیں جبکہ حکومت انہیں صرف سترہ سو ڈالر دیتی ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مائیکل جیکسن کی پچیس جون کو اچانک موت کے بعد ان کی جائیداد سے تقریباً دس کروڑ ڈالر کی کمائی ہوئی ہے۔

اس عرضی پر سماعت آئندہ برس کے اوائل میں ہونے کی توقع ہے۔ لیکن مائیکل جیکسن کی جائیداد کی دیکھ بھال کرنے والے وکیل ہاورڈ وتزمین نے اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ’جیکسن کی عرضی پر ویسے ہی غور کیا جائیگا جیسے مائیکل کی جائداد سے دوسری درخواستوں پر کیا گیا ہے۔‘

مائیکل جیکسن نے اپنی وصیت نامہ میں اپنے باپ کو علیحدہ رکھا تھا لیکن اپنی ماں اور بچوں کا وصیت میں ذکر کیا تھا۔

گزشتہ ماہ عدالت نے ان کی ماں کیتھرین جیکسن اور بچوں کے لیے ماہانہ وظیفہ منظور کیا تھا اور ممکن ہے کہ جو جیکسن کی عرضی پر سماعت کے بعد اس پر نظر ثانی کی جائے۔

وکیل نے عدالت میں جو کاغذات جمع کیے ہیں اس کے مطابق جو جیکسن کی کوئی باقاعدہ آمدنی نہیں ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے وہ اپنے بیٹے کے پیسوں پر جیتے رہے ہیں جو انہیں ان کی بیوی کیتھرین کے ذریعے ملتے ہیں۔ عرضی میں مسٹر جو کی بیماریوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔