
ڈینی بوئل کو سلم ڈاگ ملینئر پر بہترین ڈائریکٹر کا آسکر ایوارڈ ملا تھا
آسکر جیتنے والے فلم ڈائریکٹر ڈینی بوئل اس کوہ پیما کی زندگی پر فلم بنا رہے ہیں جس کو کوہ پیمائی کی ایک مہم کے دوران اپنے ہی بازو کا کچھ حصہ کاٹنا پڑا تھا۔
امریکی جریدے ’ورائٹی‘ کے مطابق اس فلم کا نام ’127 ہاورز‘ ہو گا۔ ابھی اس میں کام کرنے والے اداکاروں کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن بظاہر اس میں ایک ہی اداکار ہو گا۔
سنہ دو ہزار تین میں جب کوہ پیما آرون رالسٹن کا بازو ایک پتھر کے نیچے پھنس گیا تو انہیں اپنے آپ کو بچانے کے لیے اپنا ہاتھ چاقو سے کاٹنا پڑا۔

آرون رالسٹن اس حادثہ کے بعد بھی کوہ پیمائی کرتے رہے
امریکہ کے علاقے یوٹاہ کے پہاڑوں میں چھ روز پھنسے رہنے کے دوران رالسٹن کو کئی طرح کی صعوبتیں اٹھانا پڑیں۔ انہوں نے اپنا ہاتھ کاٹا، پیاس کی شدت کی وجہ سے انہیں اپنا پیشاب پینا پڑا اور زخمی حالت میں ستر فٹ اونچی چٹان سے نیچے آنا پڑا۔
بوئل کو فروری میں ان کی فلم ’سلم ڈاگ ملینئر‘ کے لیے بہترین ڈائریکٹر اور سات دوسرے اکیڈمی ایوارڈ ملے تھے۔
ورائٹی کے مطابق ’سلم ڈاگ ملینئر‘ فلم کی کری ایٹو ٹیم ہی ’127 ہاورز‘ میں کام کرے گی جیسا کہ لکھاری سائمن بیوفوئے اسی فلم کی کہانی لکھ رہے ہیں۔
بوئل نے اس سے قبل ’ٹرین سپوٹر‘، ’سن شائن‘ اور ’28 ڈیز لیٹر‘ جیسی فلمیں بنائی ہیں۔
© MMIX