
ڈیلی میل نے ستمبر میں معافی مانگتے ہوئے لکھا تھا کہ کیٹ نے اس بارے میں جھوٹ نہیں بولا تھا کہ وہ کتنی ورزش کرتی ہیں اور اخبار نے انھیں ہرجانا ادا کرنے کی پیشکش کر دی تھی۔
آسکر ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے ’ہتک آمیز مضمون چھاپنے پر‘ ڈیلی میل کے خلاف ہرجانے کی رقم ادا کرنے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔
لندن ہائی کورٹ میں دائر کیے جانے والے دعوے میں کیٹ ونسلیٹ نے کہا تھا کہ ڈیلی میل میں ان کی ورزش سے متعلق جو فیچر چھپا تھا اس سے ان کو شرمندگی ہوئی اور دکھ پہنچا۔تاہم اب اخبار کی طرف سے انھوں نے پچیس ہزار پاْؤنڈ کی پیشکش قبول کر لی ہے۔
فریقین کے درمیان منگل کو لندن ہائی کورٹ میں اس حوالے سے معاہدہ طے پایا۔ تاہم کیٹ ونسلیٹ اس موقع پر موجود نہیں تھیں۔ لیکن ایک بیان میں کیٹ نے کہا ’مجھے بڑی خوشی ہے کہ ڈیلی میل نے میرے بارے میں غلط الزامات لگانے پر معافی مانگ لی ہے‘۔

کیٹ ونسلیٹ نوجوان برطانوی خواتین کا رول ماڈل تصور کی جاتی ہیں
ڈیلی میل نے اپنے ایک فیچر میں لکھا تھا کہ کیٹ ونسلیٹ نے جنھوں نے ٹائیٹینک فلم میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا تھا، اپنی فٹنس کے بارے میں جھوٹ بولا ہے۔تینتیس سالہ کیٹ ونسلیٹ نے اپنے دعوے میں کہا ہے کہ اس فیچر کے چھپنے سے ان کی ذاتی اور کاروباری شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔
ڈیلی میل نے اپنے فیچر جس کی سرخی تھی ’کیا دنیا کی تنک مزاج اداکارہ کو آسکر ایوارڈ ملنا چاہیے‘ لکھا کہ اداکارہ نے ایل میگزین کو ایک انٹرویو میں اپنی جسمانی ساخت کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ورزش کے بارے میں غلط بیانی کی ہے۔
کیٹ ونسلیٹ نے ایک بار پہلے بھی اس طرح کا فیچر چھاپنے پر ایک میگزین کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن انہوں نے عدالت کے باہر معاملات طے ہونےپر مقدمہ ختم کر دیا تھا۔
ڈیلی میل نے ستمبر میں معافی مانگتے ہوئے لکھا تھا کہ کیٹ نے اس بارے میں جھوٹ نہیں بولا تھا کہ وہ کتنی ورزش کرتی ہیں اور اخبار نے انھیں ہرجانا ادا کرنے کی پیشکش کر دی تھی۔
© MMIX