Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Thursday, 1 october, 2009, 11:31 GMT 16:31 PST

شائنی آہوجا ضمانت پر رہا

شائنی آہوجا

شائنی آہوجہ کے ملازمہ نے پندرہ جون کو مبمئی پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ آہوجہ نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔

بالی وڈ اداکار شائنی آہوجا کو ممبئی ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز پچاس ہزار روپیہ کے ذاتی مچلکہ اور مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تین ماہ سے زائد عرصہ سے آہوجہ ممبئی سینٹرل جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہ رہے ہیں۔ انہیں پولیس نے اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں پندرہ جون کی رات گرفتار کیا تھا۔

ہائی کورٹ جج اے پی دیشپانڈے نے اپنے فیصلہ میں ملزم آہوجا کو ممبئی سے باہر چلے جانے کی ہدایت دی تاکہ وہ کسی طرح کسی پر اثرانداز نہ ہو۔ سرکاری وکیل سنگیتا نے ضمانت کےخلاف جرح میں کہا تھا کہ ملزم چونکہ با اثر شخصیت کا مالک ہے اس لیے وہ رہائی کے بعد کیس کو متاثر کر سکتے ہیں۔

آہوجا کے دفاعی وکلاء سریش گپتے اور سری کانت شیوڑے نے بدھ کے روز اپنے موکل کے دفاع میں کہا تھا کہ ملازمہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ اسے آہوجا نے تین بجے سے پانچ کے درمیان کمرے میں قید رکھا تھا لیکن ملازمہ کے ٹیلی فون ریکارڈ بتاتے ہیں کہ اس نے اس دوران اپنے موبائیل فون پر کسی سے دو مرتبہ بات کی تھی۔

اداکار کے دفاعی وکلاء نے عدالت میں یہ بات ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ ملازمہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اس کی رضامندی کے ساتھ ہوا اسے جنسی زیادتی نہیں کہا جا سکتا۔

شائنی آہوجا کے ملازمہ نے پندرہ جون کو مبمئی پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ آہوجا نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے اور انہیں جان سےمارنے کی دھمکی دے کر دو گھنٹوں تک اپنے کمرے میں بند رکھا تھا۔

ممبئی پولیس نے ملازمہ کے بیان کے بعد اس کی طبی جانچ کرائی اور اسی رات آہوجا کو جنسی زیادتی جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور غیر قانونی طور پر گھر میں قید رکھنےجیسے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا تھا۔

آہوجا کی ڈی این اے رپورٹ بھی مثبت آئی تھی۔ آہوجا نے اپنی ضمانت کے لیے دو مرتبہ سیشن کورٹ میں درخواست دی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

آہوجا کا کیس خصوصی عدالت میں چلے گا اس لیے چھ ماہ کے اندر ہی اس کا فیصلہ آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

آہوجا جیل سے رہا ہونے کے بعد دہلی روانہ ہو جائیں گے جہاں ان کی بیوی اور ان کے والدین رہتے ہیں۔

آہوجا بالی وڈ اداکار ہیں جنہوں نے کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کی ہے۔ گینگسٹر، لائف ان میٹرو، ہزاروں خواہشیں ایسی اور بھول بھلیاں انکی چند فلمیں ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔