Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Thursday, 1 october, 2009, 07:28 GMT 12:28 PST

پاکستانی راج کپور انتقال کر گئے

سید کمال

انیس سو اڑسٹھ میں فلم بہن بھائی میں انہیں نگار ایورڈ سے نوازا گیا

پاکستان کے نامور اداکار اور فلم ساز سید کمال انتقال کر گئے۔ انہیں عارضہ قلب کی وجہ سے گزشتہ روز مقامی ہپستال میں داخل کیا گیا تھا جہاں جمعرات کی صبح وہ جانبر نہ ہوسکے۔

انہوں نے لواحقین میں بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑے ہیں۔ ان کی عمر پچہتر سال تھی۔

پاکستان میں ساٹھ اور ستر کی دہائی کے کامیاب اداکار سید کمال کا جنم بھارت کے شہر میرٹھ میں ہوا جہاں سے انیس سو ستاون میں وہ پاکستان آگئے۔ پاکستان آ کر انہوں نے اگلے ہی سال اپنی پہلی فلم ’ٹھنڈی سڑک‘ بنائی۔ کمال کو پاکستان کے پہلے کامیڈی ہیرو کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

سید کمال کی شکل و صورت بھارت کے نامور اداکار راج کپور سے کافی مشابہت رکھتی تھی اس لیے انہیں پاکستان کا راج کپور بھی کہا جاتا تھا۔

اپنے ایک انٹرویو میں سید کمال نے کہا تھا کہ بھارت میں لوگ اکثر دھوکا کھا جاتے اور ایک مرتبہ جب وہ ممبئی میں تھے تو لوگ ان کے ارد گرد یہ سمجھ کر جمع ہو گئے کہ وہ راج کپور ہیں۔

انہوں نے سویرا، سہاگن، آشیانہ، جوکر، دال میں کالا، باپو، اپنا پرایا، ایاز، مراد سمیت کوئی دو درجن فلموں میں کام کیا۔ انیس سو اڑسٹھ میں فلم ’بہن بھائی‘ میں انہیں نگار ایورڈ سے نوازا گیا۔

کمال کو سیاست سے بھی دلچسپی رہی۔ انہوں نے انیس سو پچاسی میں جنرل ضیاء الحق کے غیر جماعتی انتخابات میں بھی حصہ لیا مگر کامیاب نہیں ہوسکے جس کے بعد انہوں نے فلم ’سیاست‘ بنائی مگر یہ فلم شائقین کو متوجہ نہ کرسکی اور فلاپ ہوگئی۔

انہوں نے سلور سکرین پر بھی کام کیا۔ انہوں نے پی ٹی وی کراچی سینٹر سے ’کمال کا شو‘ کے نام سے ایک پروگرام کی میزبانی کی جس کے بعد ڈرامہ کشکول میں بزنس مین کا کردار ادا کیا۔

ان کے بیٹے غالب کمال بھی والد کے ہم شکل ہیں مگر وہ شوبز میں والد کی طرح کامیابی حاصل نہ کرسکے اس لیے انہوں نے ماڈلنگ کو اپنا لیا۔

کمال نے انیس سو چورانوے میں لاہور اور بعد میں کراچی میں اداکاری کی تربیت کے لیے اکیڈمی قائم کی مگر یہ دونوں کچھ عرصے بعد بند ہوگئیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔