Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 25 september, 2009, 07:22 GMT 12:22 PST

سلم بوائے، بامبے سے ہالی وڈ تک‘

اظہر

اظہر اور ان کی والدہ شمیم اسماعیل اس وقت پیرس کے ہوٹل ریجینا پیلس میں کتاب کے ادیب محسن عنیعمی کے ہمراہ موجود ہیں

برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئیل کی فلم ’سلم ڈاگ ملینئیر‘ کے چائلڈ آرٹسٹ اظہرالدین کی زندگی پر فرانسیسی زبان میں کتاب شائع ہوئی ہے جس کا اجراء جمعرات کے روز پیرس میں ہوا۔

ریڈیو انٹرنیشنل فرانس کے صحافی محسن عنعیمی نے ممبئی کی کچی بستی میں رہنے والے دس سالہ اظہر کی زندگی کو اس کتاب کے ذریعہ اجاگر کیا ہے کہ کس طرح جالنہ میں پیدا ہونے والا یہ لڑکا ممبئی کی کچی بستی میں کھیل کود کر بڑا ہوا اور پھر اسے فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں اداکاری کا موقع ملا۔ اس فلم کی شہرت کے ساتھ ہی اظہر راتوں رات مشہور ہو گیا۔

’سلم بوائے ، بامبے سے ہالی وڈ تک‘ کے عنوان سے تقریباً ایک سو اسی صفحات پر مشتمل اس کتاب کو پیرس کے نامور پبلشنگ ہاؤس مشعیل لفون نے شائع کیا ہے۔

اظہر اور ان کی والدہ شمیم اسماعیل اس وقت پیرس کے ہوٹل ریجینا پیلس میں کتاب کے ادیب محسن عنیعمی کے ہمراہ موجود ہیں۔

پیرس سے فون پر بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نے بتایا کہ یہ کتاب انہوں نے تقریباً چھ ماہ میں مکمل کی ہے۔ محسن کہتے ہیں کہ اظہر کی زندگی کا سفر بالکل خوابوں کی دنیا کا سفر لگتا ہے کہ غربت کی زندگی سے ہالی وڈ تک سفر طے کرنا اچھے اچھوں کے لیے محض خواب ہی رہ جاتا ہے۔

محسن کے لیے اظہر اور ان کے والدہ کی زبان سمجھنا ایک بڑا مسئلہ تھا کیونکہ انہیں اردو نہیں آتی اور نہ ہی وہ ان کچی بستیوں سے واقف تھے۔ محسن کے مطابق ان کی مدد ممبئی میں رہنے والی ثمیلہ زیدی نے کی۔ وہ دونوں کے درمیان مترجم کے طور پر کام کررہی ہیں اور جو کچھ انہوں نے اظہر اور ان کی والدہ کی زبانی ریکارڈ کیا اسے انگریزی میں ترجمہ کرنے میں مدد کی۔

ثمیلہ کے لیے کتاب لکھنے میں بطور معاون بننا ایک بہت ہی اچھا تجربہ رہا۔ اس وقت وہ پیرس میں کتاب کے مصنف محسن اور میڈیا اور اظہر اور ان کی والدہ شمیم کے درمیان گائیڈ کے طور پر بھی کام کر رہی ہیں۔

فرانسیسی کے علاوہ اس کتاب کو کئی اور زبانوں میں شائع کیا جا سکتا ہے۔ محسن کہتے ہیں کہ ابھی یہ کتاب صرف فرانسیسی زبان میں شائع ہوئی ہے لیکن پبلشنگ ہاؤس اسے دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

شمیم اسماعیل اپنے بیٹے کی تقدیر پر نازاں ہیں۔ انہوں نے فون پر بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ان کے بیٹے کی تقدیر اتنی اچھی ہو گی۔ آج وہ اپنے بیٹے کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک کی سیر کر رہی ہیں۔

اظہر سے قبل اسی فلم کی دوسری چائلڈ آرٹسٹ روبینہ کی زندگی پر بھی انگریزی زبان میں کتاب شائع ہو چکی ہے۔

فلم سلم ڈاگ ملینیئر کو آسکر میں آٹھ ایوارڈ مل چکے ہیں۔ فلم دنیا میں کافی مقبول ہوئی ہے اور اسی لیے اس فلم میں ممبئی کی کچی بستی میں رہنے والے اظہر اور روبینہ کو بھی اتنی ہی شہرت مل رہی ہے۔

ڈینی بوئل نے اظہر اور روبینہ کو کچی بستی سے نکال کر ممبئی کی ایک عمارت میں فلیٹ خرید کر دیا ہے اور اب یہ بچے انگریزی میڈیم سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔