
ریمبرانٹ سولہ سو چھ میں لائڈن میں پیدا ہوئے تھے
مصور ریمبرانٹ کی ایک تصویر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ موسم سرما میں لندن میں ہونے والی نیلامی میں اس کی قیمت ڈھائی کروڑ پاؤنڈ لگ سکتی ہے۔
سن سولہ سو اٹھاون میں بنائی گئی اس تصویر کا عنوان ’پورٹریٹ آف اے مین، ہاف لینگتھ، وِد ہز آرمز اکمبو‘، چالیس سال سے منظر عام پر پیش نہیں کی گئی۔
کرسٹیز کے اندازے کے مطابق اس تصویر کی قیمت ایک کروڑ اسی لاکھ پاؤنڈ اور ڈھائی کروڑ پاؤنڈ کے درمیان لگ سکتی ہے۔
ریمبرانٹ کی کسی پینٹنگ کی قیمت کا اس سے پہلے ریکارڈ ایک کروڑ اٹھانوے لاکھ پاؤنڈ ہے جو لندن میں سن دو ہزار میں ادا کی گئی۔
نیلامی کرنے والے رچرڈ نائٹ کو امید ہے آٹھ دسمبر کو لندن میں ریمبرانٹ کی تصویر کی نیلامی ریکارڈ قیمت پر ہو گی۔ تصویر کی اچھی قیمت پر نیلامی اس بات کا اشارہ ہوگا کہ آرٹ کی مارکیٹ میں مندی کا دور ختم ہو گیا ہے۔
ریمبرانٹ کی مذکورہ پینٹنگ انیس سو تیس میں اٹھارہ ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔ انیس سو پچاس میں یہ امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی کو عطیے کے طور پر دے دی گئی تھی اور انیس سو چوہتر میں اسے پھر کسی نے خرید لیا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ ولندیزی مصور نے سولہ سو اٹھاون میں صرف دو تصاویر بنائی تھیں جن میں سے یہ ایک ہے۔ آخری بار اس تصویر کو منظر عام پر انیس سو ستر میں ’ریمبرانٹ تین سو سال بعد‘ کے عنوان سے منعقد کی گئی نمائش میں دیکھا گیا تھا۔
© MMIX