Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Friday, 18 september, 2009, 08:26 GMT 13:26 PST

جیکسن کی والدہ کیلیےسالانہ ایک ملین ڈالر

کیتھرین جیکسن

کیتھرین جیکسن کو عدالت نے مائیکل کے تینوں بچوں کا مستقل نگران مقرر کیا ہے

امریکی عدالت میں پیش کیے جانے والی دستاویزات کے مطابق مائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین جیکسن اپنے آنجہانی بیٹے کی چھوڑی ہوئی جائیداد سے سالانہ دس لاکھ ڈالر سے زائد رقم وصول کریں گی۔

یہ رقم مائیکل جیکسن کی والدہ کی مدد اور جیکسن کے تین بچوں کی پرورش کے لیے استعمال ہوگی۔

اس رقم کی منظوری اگست میں لاس اینجلس کے ایک جج نے دی تھی تاہم اس کے بارے میں تفصیلات اس وقت ظاہر نہیں کی گئی تھیں۔ کیتھرین جیکسن کے وکیل نے عدالت سے اس رقم کی معلومات عام نہ کرنے کی درخواست کی تھی جو جج نے نامنظور کردی۔

اس رقم میں سے ماہانہ چھبیس ہزار آٹھ سو چار ڈالر مائیکل جیکسن کی والدہ کے لیے جبکہ ساٹھ ہزار ڈالر بچوں کا ماہانہ الاؤنس ہوگا۔

مائیکل جیکسن کے تین بچے، گیارہ سالہ پرنس مائیکل، نو سالہ پیرس مائیکل کیتھرین اور سات سالہ پرنس مائیکل دوم آنجہانی مائیکل جیکسن کی کروڑوں ڈالر کی جائیداد کے مرکزی وارث ہیں جبکہ مائیکل کی والدہ اور کچھ خیراتی اداروں کو بھی وراثت میں سے حصہ دیا گیا ہے۔.

مائیکل جیکسن کے بچے

مائیکل جیکسن کے بچے اپنی دادی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں

مائیکل جیکسن کی وفات کے بعد سے ان کے بچے شمالی لاس اینجلس میں اپنی دادی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور عدالت نے مائیکل کی والدہ کو ان بچوں کی مستقل نگران مقرر کیا ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق کیتھرین جیکسن کو ملنے والی رقم وہ ایک مددگار، گھر کا خیال رکھنے والی ایک خاتون، ایک ڈرائیور کی تنخواہوں کے علاوہ اشیائے خورد و نوش، کپڑوں اور دیگر اخراجات کے لیے استعمال کریں گی۔ دستاویز میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا مائیکل کے دیگر اہلِ خانہ کی مدد کے لیے بھی کوئی رقم رکھی گئی ہے یا نہیں۔

دستاویز میں بچوں کے ماہانہ الاؤنس کے خرچ کی تفصیلات نہیں دی گئیں تاہم اس میں کہا گیا ہے کہ بچوں کا خیال رکھنے والا ملازمین کے لیے سالانہ تین لاکھ پندرہ ہزار ڈالر اور بچوں کی تفریح اور دیگر اخراجات کے لیے سالانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر رکھے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن پچیس جون کو زیادہ مقدار میں دوا کے استعمال کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کی ہلاکت کے حوالے سے پولیس کی تفتیش جاری ہے جس کا مرکزِ نگاہ مائیکل جیکسن کے ڈاکٹر کونارڈ مرے ہیں تاہم ان پر تاحال مائیکل جیکسن کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔