
مائیکل جیکسن پچیس جون کو لاس اینجلس میں انتقال کر گئے تھے
آنجہانی امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی پوسٹمارٹم رپورٹ کے نتائج ان کے ہلاکت کی تحقیقات مکمل ہونے تک سِیل کر دیے گئے ہیں۔
جیکسن کی لاش پر کیے جانے والے تمام ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں تاہم لاس اینجلس میں ہسپتال کے سربراہ ایڈ ونٹر نے یہ بتانے سے انکار کیا ہے کہ یہ نتائج کب منظرِعام پر آئیں گے۔
اطلاعات کے مطابق ان نتائج کے مطابق جب پچیس جون کو مائیکل جیکسن کا انتقال ہوا تو انہوں نے بڑی مقدار میں ادویہ لی ہوئی تھیں۔
جیکسن کی ہلاکت کی تحقیقات کے سلسلے میں اب تک پولیس نے ان کے ڈاکٹر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور وہاں سے ان کے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسکس، موبائل اور متعدد ادویات قبضے میں لی تھیں۔
تاحال پولیس نے جیکسن کے ڈاکٹر کو مشتبہ قرار نہیں دیا ہے تاہم عدالتی ریکارڈ کے مطابق ان پر کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
دریں اثناء لاس اینجلس کے ایک جج نے مائیکل جیکسن کے لندن میں ہونے والے کانسرٹس کی تیاریوں کی ویڈیو پر مبنی فلم کی ریلیز کی اجازت دے دی ہے۔ اس فلم کی ریلیز پر مائیکل جیکسن کی والدہ کو اعتراضات تھے تاہم جج نے فلم ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔
جیکسن کی والدہ کا ایک اعتراض اس فلم میں مائیکل جیکسن کے تینوں بچوں کی موجودگی پر تھا تاہم اب فلم ریلیز کرنے والے ادارے کے مطابق اکتوبر میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں بچوں کو نہیں دکھایا جائے گا۔
© MMIX