
سٹیڈیم میں ساٹھ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے
فرانس میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا کے کنسرٹ کے لیے تیار کیئے جانے والے سٹیج کے منہدم ہوجانے سے زخمی ہونے والے افراد میں ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گیا ہے جس سے اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
بتیس سالہ برطانوی شہری جنہیں اس حادثے میں سر پر چوٹیں آئی تھیں فرانس کے شہر مرسیئی میں ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیرِ علاج تھے۔
ویلوڈروم سٹیڈیم میں یہ حادثہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب مستری سٹیج بنانے میں مصروف تھے۔
میڈونا نے حادثے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ انہیں اس خبر پر انتہائی افسوس ہے اور وہ سکتے کے عالم میں ہیں۔
گزشتہ شام اس حادثے میں ایک تریپن سالہ فرانسیسی مزدور ہلاک ہو گیا تھا۔
اس حادثے میں آٹھ دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے جس میں ایک امریکی بھی شامل تھا جس کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق اس حادثے میں تیس افراد کو معمولی زخم آئے تھے۔
ویلوڈروم سٹیڈیم میں ساٹھ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اولمپک دو مسریئی فٹ کلب کا ہوم گروانڈ ہے۔
امدادی عملے کے مطابق یہ حادثہ سٹیج کے لیے بنائی گئی ادھوری چھت کو چار کرینوں کے ذریعے اٹھایا جا رہا تھا اور ان میں سے ایک کرین نیچے آ گری۔
مرسیئی شہر کے کھیلوں کے افسر رچرڈ میرن نے کہا کہ اس حادثے میں مختلف ملکوں کے پچاس افراد اس سٹیج پر کام کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے چھت ہلنا شروع ہوئی اور پھر نیچے آ گری۔ چھت یکدم نیچے نہیں گری جس وجہ سے بہت سے لوگ اس کے نیچے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
میڈونا کو جب یہ خبر سنائی گئی اس وقت وہ اٹلی کے دورے کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔
© MMX