
گزشتہ جمعرات کو ہونے والی خصوصی تعزیتی تقریب کے لیے عوام سے چندہ مانگا گیا تھا
امریکی شہر لاس اینجلس کے میئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی تعزیتی تقریب کے دوران ہونے والے سکیورٹی کے اخراجات ادا کریں گے۔
لاس اینجلس کے میئر اینتونیو ولارے گوسا کے مطابق یہ دنیا کا ایک بہترین شہر ہے اور یہاں پر عوام کو پولیس اور فائر بریگیڈ کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
اس سے پہلے سٹی کونسل نے مائیکل جیکسن کے خاندان اور ان کے پروموٹر اے ای جی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ الوداعی تقریب کی حفاظت پر مامور پولیس اور ٹریفک کے انتظامات کے لیے درکار ایک چودہ لاکھ ڈالر ادا کریں ۔
تاہم شہر کے مئیر کا کہنا ہے کہ جیکسن کی آخری رسومات کے لیے ان کے خاندان سے معاوضہ لینا ایک احمقانہ فیصلہ ہے۔
یاد رہے کہ مئیر اس وقت جنوبی افریقہ میں چھٹیوں پر تھے جب گزشتہ ہفتے لاس اینجلس کے سٹیپلز سینٹر میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تعزیتی تقریب میں پاپ سنگر مائیکل جیکسن کے رشتہ داروں اور سترہ ہزار مداحوں نے انہیں الوداع کہا۔
ان کی غیر حاضری میں ایک ویب سائٹ بنائی گئی تھی کہ جس میں عوام کو ترغیب دی گئی تھی کہ وہ آخری رسومات کے اخراجات کے لیے چندہ دیں ۔
دوسری جانب اے ای جی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ وہ مائیکل جیکسن کی یاد میں ایک کنسرٹ منعقد کرنا چاہتے ہیں جس میں جیکسن کے گانے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میوزیکل پروگرام کا مقصد مائیکل جیکسن کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جسے دنیا بھر میں نشر کیا جائے گا۔
اے ای جی کے چیف ایگزیکٹو فلپس نے لاس اینجلس شہر کی انتظامیہ کی جانب سے اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس میں ان کی کمپنی سے کہا گیا تھا کہ وہ گزشتہ جمعرات کے روز ہونے والی تعزیتی رسومات کے اخراجات ادا کریں۔
© MMIX