
ہیری پوٹر کی ٹیم نےساتھی اداکار راب ناکس کی یاد میں اپنی کلائیوں پر سفید ربن باندھ رکھے تھے
برطانیہ میں فلم ہیری پوٹر کے پریمیئر کے موقع پر ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں شائقین لیسٹر سکوائر پر بارش میں بھیگتے رہے۔
’ہیری پوٹر اینڈ دا ڈیتھلی ہالو‘ میں ڈینئل ریڈ کلف، روپرٹ گرنٹ اور ایما واٹسن اداکاری کر رہے ہیں۔
ہیری پوٹر سیریز کی اس چھٹی فلم ہیری پوٹر اینڈ ہاف بلڈ پرنس کی لندن میں ہونے والی اس افتتاحی تقریب کے موقع پر فلم کے ستارے ڈینیل ریڈ کلف اینڈ روپرٹ گرنٹ بھی بھیگ گئے۔
ہیری پوٹر کی مصنفہ نے اس موقع پر مداحوں کو آٹوگراف دیے جن میں سے کچھ نے اچھی جگہ حاصل کرنے کے لیے وہاں پوری رات گزاری تھی۔
پندرہ جولائی کو ریلیز ہونے والی اس فلم کے بعد دو حصے مزید آئیں گے۔ جبکہ ہیری پوٹر سریز کی آخری کتاب ہیری پوٹر اینڈ ڈیتھلی ہالوز کو سینیما کے لیے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ڈینیل ریڈ کلف نے اس موقع پر کہا کہ ’میں ہیری پوٹر فلمیں ختم ہونے پر مجھے بہت افسوس ہوگا لیکن اس کے ساتھ ساتھ میں بہت پرجوش ہوں کیونکہ میرے پاس کرنے کے لیے اور بھی اچھا کام ہے۔ اس لیے میں بہت زیادہ ڈیپریس نہیں ہوں۔‘
روپرٹ گرنٹ جو رون ویسلے کا کردار ادا کر رہے ہیں، نے سوائن فلو سے صحتیابی کے بعد اس پریمیئر میں شرکت کی۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’حقیقتاً سوائن فلو کچھ نہیں ہے۔ یہ بالکل نارمل فلو کی طرح ہے بس آپ کو کچھ دن بستر پر گزارنے ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ابتدا میں لفظ سوائن فلو خوفناک لگا تھا لیکن اس کا مقابلہ کرنا مشکل نہیں تھا۔‘
ایما واٹسن جنہوں نے اوسی کلارک ڈریس پہنا ہوا تھا کا کہنا تھا کہ فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے تینوں ستاروں میں کسی کو بھی ایک دوسرے سےمحبت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھاکہ ’ہم لوگ تقریبا نو سال سے اب بیس سال کی عمر تک اکھٹے کام کر رہے ہیں لیکن ہم بالکل بہن بھائیوں کی طرح رہتے ہیں۔‘
تمام اداکاروں نے پریمیئر کے موقع پر اپنے ساتھی اداکار راب ناکس کی یاد میں اپنی کلائیوں پر سفید ربن باندھ رکھے تھے جن کو مئی سنہ دو ہزار آٹھ میں ایک بار کے باہر چھری مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
© MMX