
دلیب کمار اتوار کو لالاویتی ہسپتال میں داخل ہوئے تھے
ہندی فلموں کے ’شہنشاہ جذبات‘ کہلانے والے اداکار دلیپ کمار کی صحت اب بہتر ہے اور انہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت والے کمرے یعنی آئی سی یو سے منتقل کر دیا گیا ہے۔
چھیاسی سالہ دلیپ کمار کو چند روز پہلے تیز بخار کے ساتھ ہسپتال میں داخل کر دیا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے ملیریا کی تشخیص کر کے ان کا علاج شروع کر دیا تھا۔
دلیپ کمار کی بیگم سائرہ بانو کے مطابق اب ’صاحب‘ کی طبیعت ٹھیک ہے اور انہیں انشااللہ دو ایک روز میں ہسپتال سے رخصت مل جائے گی۔
سائرہ بانو دلیپ کمار کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہیں۔ انہوں نے بی بی سی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ’صاحب‘ کی طبیعت بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دلیپ کمار کی طبیعت گزشتہ دس دنوں سے خراب تھی۔ بخار تھا لیکن جب بخار ایک سو چار ڈگری تک پہنچا تب انہیں فوری طور پر ہسپتال میں داخل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے مختلف ٹیسٹ کے بعد دلیپ کمار کو فالسیپیرم ملیریا بتایا۔ پانچ دنوں تک انہیں ہسپتال کے آئی سی یو یونٹ میں رکھا گیا تھا لیکن اب ان کی حالت بہتر ہے۔
ممبئی کے دورے پر آئے ہوئیں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ہسپتال جا کر دلیپ کمار کی عیادت کی۔ان سے ملنے کے لیے یش چوپڑہ ، دھرمیندر، پریم چوپڑہ، فریدہ جلال بھی ہسپتال پہنچ گئے۔
سائرہ بانو یہ پوچھنے پر ہنس دیں کہ بالی وڈ کی کتنی ہستیاں دلیپ کمار سے ملاقات کے لیے پہنچی ہیں انہوں نے کہا کہ لوگوں کی دعائیں ’صاحب‘ کے ساتھ ہیں ’انہوں نے اپنی زندگی میں رشتوں کو سنوار کر رکھا اس لیے لوگ ان کےحق میں دعائیں کرتے ہیں‘۔ سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے پرستاروں سے ان کے حق میں دعا کرنے کے لیے کہا ہے۔

سائرہ بانو کے مطابق دلیپ کمار کی اب طبعیت بہتر ہے
سائرہ بانو کے مطابق امیتابھ بچن نے موبائیل ایس ایم ایس کے ذریعے دلیپ کمار کی خیریت دریافت کی۔ شیوسینا کے سربراہ بال ٹھاکرے نے بھی دلیپ کمار کی خیریت پوچھی تھی۔
دلیپ کمار کو اتوار کی صبح ممبئی باندرہ کے لیلا وتی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ابھی ان کا علاج جاری ہے۔
دلیپ کمار کا شمار بالی وڈ کے نامور فنکاروں میں کیا جاتا ہے۔ لوگ انہیں اداکاری کا سکول کہتے ہیں۔ فلموں میں ان کی جذباتی اداکاری کے لیے انہیں ’شہنشاہ جذبات‘ کا خطاب ملا تھا۔ ان کی اداکاری کے لیے انہیں کئی اعزازات حاصل ہوئے ہیں۔ پچاس اور ساٹھ کے عشرے میں وہ فلم انڈسٹری پر چھائے ہوئے تھے۔
© MMIX