
جیکسن نے اپنے کیرئر میں چھ میوزک البم پیش کیے
پینتالیس برس قبل پاپ موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے اور شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے مائیکل جیکسن ایک کامیاب ترین کیرئر اور بڑی حد تک متنازعہ زندگی گزارنے کے بعد لاس اینجلس میں اپنے گھر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔. جہاں مائیکل جیکسن کا راک، فنک اور سول موسیقی کا امتزاج ہی انہیں دنیا کا سب سے بڑا پاپ گلوکار بناتا ہے۔ وہیں ان کی کاورباری قابلیت اور موسیقی کی مارکیٹ کی سمجھ بوجھ کا ان کی ترقی میں اہم کردار رہا۔
مائیکل جیکسن نے جہاں اپنے کیرئر کے عروج پر تھرلر جیسی میوزک البم پیش کی جسے آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ بکنے والی میوزک البم کا اعزاز حاصل ہے تو ایک وقت ایسا بھی آیا کہ ان کی آخری پاپ البم چھ ہفتے بھی میوزک چارٹس پر نہ ٹھہر سکی۔ یہاں پر جیکسن کے نشیب و فراز سے بھرپور کیرئر کی کچھ جھلکیاں پیش کی جا رہی ہیں۔
مائیکل جیکسن نے سنہ 1964 میں اپنے بھائیوں کے پاپ گروپ جیکسن فائیو میں شمولیت اختیار کی تھی اور ابتدائی طور پر وہ اس گروپ میں طنبورہ اور بونگو بجاتے تھے۔ تاہم جلد ہی وہ اس گروپ کے مرکزِ نظر بن گئے اور مرکزی گلوکار کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
گلیڈی نائٹ اور بابی ٹیلر جیسے گلوکاروں نے جیکسن فائیو کو ریکارڈ لیبل کمپنی مو ٹاؤن کے سربراہ بیری گورڈے سے ملوایا اور ڈیٹرائٹ سے تعلق رکھنے والی اس کمپنی کے ساتھ جیکسن فائیو کی پہلی ریلیز ’آئی وانٹ یو بیک‘ سنہ 1969 میں موسیقی چارٹس پر سرفہرست رہی۔ اس وقت مائیکل کی عمر صرف گیارہ برس تھی۔ آنے والے چھ برس میں اس گروپ نے اے بی سی، دا لو یو سیو اور آئی ول بی دیئر جیسے ہٹ نغمات بنائے۔
جیکسن برادران نے ایک بہتر کاروباری شراکت کے لیے سی بی ایس ریکارڈز کا رخ کیا۔ جس پر ان کی سابقہ ریکارڈ کمپنی نے ان پر بیس ملین ڈالر ہرجانے کا دعوٰی کیا۔

اف دی وال کی ایک کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں
’وذرڈْ آف اوز‘ کی شہری پس منظر میں پیشکش ’وز‘ کی تیاری کے دوران جیکسن کی ملاقات موسیقار کوئنسی جونز سے ہوئی۔ انہوں نے مائیکل کو اپنا سولو البم بنانے کو کہا اور اس فرمائش کا نتیجہ کلاسیک ڈسکو البم ’آف دی وال‘ کی صورت میں سامنے آیا۔ اس البم کی دس ملین کاپیاں فروخت ہوئیں اور اس میں ڈونٹ سٹاپ، ٹل یو گٹ اینف، اور راک ودھ یو جیسے مشہور گانے شامل تھے۔

تھرلر دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک البم ہے
مائیکل جیکسن نے اپنا شہرۂ آفاق پاپ میوزک البم ’تھرلر‘ پیش کیا جس نے پاپ میوزک کی تشہیر کی نئی تاریخ رقم کی۔ اس البم کو دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم قرار دیا جاتا ہے۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس البم کی پینسٹھ ملین کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔
اس البم کے نو گانوں میں سے سات میوزک چارٹس پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ یہی نہیں سنہ 1983 میں مو ٹاؤن ٹی وی سپیشل میں مائیکل جیکسن کی ’مون واک‘ دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے۔

مائیکل جیکسن نیور لینڈ رینچ میں قیام پذیر رہے
لاس اینجلس میں مشروب ساز ادارے پیپسی کے ایک اشتہار کی فلمبندی کے دوران مائیکل کے بالوں میں آگ لگ گئی۔ انہیں سٹریچر پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ یہی وہ وقت تھا جب ’تھرلر‘ کی فروخت ڈیڑھ لاکھ البم فی ہفتہ کے حساب سے بڑھ رہی تھی۔ مائیکل کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ ان کے بارے میں ایسی کہانیاں بھی مشہور ہونے لگیں کہ وہ ایک آکسیجن ٹینٹ میں سوتے ہیں۔ یہی وہ زمانہ تھا جب کہ مائیکل کی مشہورِ عام عرفیت ’ویکو جیکو‘ سامنے آئی اور وہ اپنے فارم ’نیور لینڈ‘ میں منتقل ہوئے۔
اپنے البم ’بیڈ‘ کی ویڈیو میں مائیکل سفید فام شکل میں نظر آئے جس سے یہ افواہیں زور پکڑ گئیں کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری یا سکن بلیچنگ کرائی ہے۔ لیکن یہ افواہیں مائیکل کی مقبولیت کو نقصان نہ پہنچا سکیں اور ان کے البم ’بیڈ‘ کی تیس ملین سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔ اس البم کی مقبولیت کے بعد جیکسن نے اپنا پہلا سولو ٹور شروع کیا۔

’بیڈ‘ کے مارکیٹ میں آنے کے بعد مائیکل نے پہلا سولو ٹور کیا
’بیڈ‘ کے کانسٹرس میں جہاں جادوئی کمالات اور لیزر کا استعمال تھا وہیں ایک موقع پر جیکسن ایک کرین پر شائقین کے سروں کے اوپر سے گزرتے بھی دکھائی دیے۔ اس ٹور کے اختتامی دنوں میں جیکسن نے اپنی سوانح حیات تحریر کی اور لکھا کہ ’ میں دنیا کے چند سب سے تنہا افراد میں سے ایک ہوں‘۔
ہپ ہاپ موسیقی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے مائیکل جیکسن نے اپنی نئی البم ’ڈینجرس‘ کے لیے موسیقار ٹیڈی رائلی کی خدمات حاصل کیں۔ شائقین اور ناقدین دونوں کو اگرچہ یہ البم زیادہ پسند نہ آئی لیکن اس میں مائیکل کے چند مشہور ترین گانے شامل تھے۔ ان گانوں میں بلیک اینڈ وائٹ، ریممبر دا ٹائم اور ان دا کلوزٹ شامل ہیں۔

اس البم کی تشہیر کے دوران جیکسن نے امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو اپنی رینچ ’نیور لینڈ‘ پر مدعو کیا کہ وہ اپنا ایک شو وہاں سے پیش کریں جس میں مائیکل نے شرکت کی۔ اس شو کے دوران مائیکل نے بتایا کہ ان کے والد انہیں مارتے پیٹتے تھے، انہوں نے دو مرتبہ پلاسٹک سرجری کروائی ہے اور ان کی کھال کی بدلتی رنگت کھال کے مساموں کو خراب کرنے والی ایک بیماری کا نتیجہ ہے۔
گیارہ سالہ بچے جوڈی چینڈلر کے اہلِ خانہ نے مائیکل پر بچے سے بدسلوکی کا الزام لگایا۔ مائیکل جیکسن نے ان الزامات سے انکار کیا تاہم لاس اینجلس پولیس نے مائیکل کے گھر پر اس وقت چھاپہ مارا جب وہ مشرقِ بعید کے ٹور پر تھا۔ بعد ازاں مائیکل نے اس بچے کے خاندان سے عدالت کے باہر ایک اندازے کے مطابق بیس ملین ڈالر کے عوض تصفیہ کر لیا۔ اگلے برس مائیکل نے آنجہانی امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے سے شادی کر لی جو صرف انیس ماہ چل سکی۔

مائیکل نے اپنی البم کی تشہیر کے لیے انوکھے طریقے اپنائے
ایک ایسے وقت میں جب مائیکل کے سر سے پاپ موسیقی کے شہنشاہ کا تاج کھسک رہا تھا مائیکل نے یورپ میں اپنی نئی البم ’ہز سٹوری‘ کی تشہیر کے لیے اپنے قدآور مجسمے نصب کروائے۔ یہ البم ان کے مقبول ترین گانوں اور نئے گانوں کی سی ڈیز پر مشتمل تھی۔ اگلے برس مائیکل نے برٹ ایوارڈز میں اپنا ہٹ گانا ارتھ سونگ پیش کیا۔
انیس سو ستانوے میں مائیکل جیکسن کو راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا اور انہوں نے غیر متوقع طور پر ایک نرس ڈیبی رو سے شادی کر لی جس سے ان کا بیٹا پرنس مائیکل پیدا ہوا۔ سنہ 1998 میں ان دونوں کی ایک بیٹی پیرس مائیکل کیتھرین پیدا ہوئی جبکہ سنہ 1999 میں مائیکل اور ڈیبی میں طلاق ہوگئی جبکہ بچے مائیکل کے پاس ہی رہے۔

چھ برس کے عرصے میں تیار ہونے والی مائیکل کی نئی البم ’ان ونسبل‘ میوزک چارٹس پر صرف چھ ہفتے ہی ٹھہر سکی۔ اس البم کا صرف ایک گانا ’راک مائی ورلڈ‘ دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا۔ جیکسن نے تشہیر کی کمی کو البم کی ناکامی کی وجہ قرار دیا اور کہا کہ یہ کمی اس لیے ہوئی کیونکہ انہوں نے سونی کمپنی کے ساتھ اپنے معاہدے کی تجدید سے انکار کر دیا تھا۔
اسی دوران مائیکل کی ذاتی زندگی ایک بار پھر اس وقت خبروں میں آئی جب انہوں نے اپنے گیارہ ماہ کے بیٹے پرنس مائیکل کو کمبل میں لپیٹ کر ایک جرمن ہوٹل کی کھڑکی سے لٹکا دیا۔ ایک ٹی وی دستاویزی فلم میں مائیکل نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے ساتھ سلاتے ہیں۔

پولیس نے ایک مرتبہ پھر مائیکل کی نیور لینڈ رینچ پر چھاپہ مارا اور اس کے بعد ایک چودہ سالہ لڑکے گیون آرویزو سے بدسلوکی کے الزام کے تحت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔ مائیکل نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا اور انہیں ہتھکڑی لگا کر تھانے لےجایا گیا۔
یہ مقدمہ پانچ ماہ تک چلا اور عدالت نے مائیکل کو بےقصور قرار دے دیا۔ اس مقدمے اور دیوالیہ ہونے کی خبروں کے بعد مائیکل نے دبئی میں سکونت اختیار کر لی۔.
رواں برس مارچ میں مائیکل نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ پاپ میوزک کی دنیا میں آخری بار دوبارہ قدم رکھ رہے ہیں اور ان کی واپسی لندن میں پچاس کانسرٹس کے ایک ٹور کے ساتھ ہوگی۔ ان کانسرٹس کے ساڑھے سات لاکھ ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے اور ابتدائی چند دن میں تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے۔ مئی میں اس پروگرام کے منتظمین نے ابتدائی چند شوز کی تاریخوں میں یہ کہہ کر ردوبدل کیا کہ مائیکل کو ریہرسلز کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
تاہم مائیکل کا ایک مرتبہ پھر پاپ سٹیج کو زینت بخشنے کا ارادہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا اور وہ پچیس اور چھبیس جون کی درمیانی شب حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔
© MMIX