لحد سے ایک پکار
میں ایک سات برس کا بچہ ہوں۔ لحد میں اتارے جانے کے بعد مجھے خیال آیا کہ میری ننھی سی زندگی کو کیوں اس طرح ختم کر دیا گیا۔ ابھی تو مجھے سکول جانا تھا، لکھنا پڑھنا تھا، زندگی دیکھنی تھی، اپنے ماں باپ کا سہارا بننا تھا، تو پھر کیوں میری زندگی مختصر کردی؟
کتنا خوش تھا میں۔ میری اماں کی خالہ زاد بہن کی شادی تھی اور اماں مجھے ساتھ لے کر بازار گئی تھی ہم سب کے لیے نئے کپڑے لینے۔ میں تو بس اپنی ماں کے ساتھ خوش خوش بازار گیا تھا۔
پتا ہے مجھے بہت عرصے سے نئے کپڑے نہیں ملے تھے، بابا کہتے ہیں کہ حالات خراب ہیں اس لیے کمائی نہیں ہے اور کپڑے نہیں خرید سکتے۔ اب دیکھیں آخر انہیں یہ نیا کفن خریدنے کے لیے پیسے تو خرچ کرنے ہی پڑے نہ۔
میری ماں مجھ سے بہت پیار کرتی ہے۔ میں تو بس یہ چاہتا تھا کہ اس کے دامن سے لپٹ کر کبھی کبھی ضد کروں اور وہ میری معصوم ضدوں کو پورا کرے۔ میں تو بس یہ چاہتا تھا کہ دوسرے بچوں کے ساتھ گلی میں کھیلوں، اتنا چاہتا تھا کہ سکول میں اچھے نمبروں سے پاس ہوکر بابا کو خوش کروں، بس اتنا چاہتا تھا کہ کراچی میں اپنے چچا زاد بھائیوں کے ساتھ مل کر سمندر کی لہروں پر چھلانگیں ماروں اور کوئلوں پر بھنے ہوئے بھٹے کھاؤں۔ سردی کے موسم میں ماں کے ساتھ چپک کر پریوں کی کہانیاں سنوں۔
لیکن یہ کیا؟ وہ تو مجھے ٹھنڈے لحد میں اتار کر چلے گئے ہیں اور برابر میں میری ماں کی قبر ہے لیکن اس کے پہلو کی گرمی بھی میسر نہیں۔
کیا میری زندگی مذہب کے نام پر مختصر کی گئی ہے؟ اگر یہ وجہ ہے تو میرا تو اس سے کچھ لینا دینا نہیں تھا۔ میں تو ابھی مذہب کو سمجھ بھی نہیں پایا اور مجھے مارنے سے مذہب کیسے زندہ رہے گا؟ کوئی بھی مذہب کیسے زندہ رہے گا؟ میں اتنی مشکل چیزیں نہیں سمجھ سکتا۔ مجھے تو بس اتنا پتا ہے کہ میرا باپ میرے دکھ میں پاگل ہو جائے گا اور جب وہ میرے جلے جسم کے ٹکڑوں کو اپنی گود میں اٹھائے گا تو درد اس کے دل کے آر پار ہوگا۔
میں اس تاریک قبر میں ڈر رہا ہوں۔۔۔۔ بابا۔
ماں برابر کی قبر سے مجھے دیکھ کر رو رو کر نڈھال ہوگئی ہے ۔۔۔ بابا تجھے اس کی آواز کیوں سنائی نہیں دیتی؟
کیا بم دھماکے میں میرے جسم کی طرح آپ کے کانوں کے پردے بھی پھٹ گئے ہیں؟

~RS~q~RS~~RS~z~RS~06~RS~)
تبصرےتبصرہ کریں
آداب! مذہب تو پیار، محبت، بھائی چارہ، انسانیت سے پیار سکھاتا ہے، وہ کیونکر کسی کی زندگی لے گا؟ ہاں، مذہب کے لبادے میں زندگی چھینی جاتی ہے۔ سیاست اتنی ظالم ہو چکی ہے کہ اس نے مذہب جیسے پوِتر ادارے کو بھی نہیں بخشا اور اس کو بنیاد بنا کر ’کرسی‘ تک رسائی حاصل کی جاتی ہے، ممالک پر قبضہ کیا جاتا ہے، ایٹمی توانائی کو قابو کیا جاتا ہے، نو آبادیاں بنائی جاتی ہیں، لڑوایا جاتا ہے اور ’انسانی حقوق‘ کا علمبردار بنا جاتا ہے۔ جب تک مذہب، سیاست کا حصہ رہے گا، چراغ گل ہوتے رہیں گے اور سیاست دن بہ دن پرتشدد ہوتی جائے گی۔ بہتر ہوگا کہ مذہب کو انفرادی معاملہ قرار دے کر اس کی اصلی روح کو برقرار رکھا جائے اور اسے سیاست و ریاست سے بالکل الگ رکھا جائے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
’وقت سے پہلے بچوں نے چہروں پہ بڑھاپا اوڑھ لیا
تتلی بن کر اُڑنے والے سوچ میں ڈوبے رہتے ہیں
فارغ کیسے دور میں یہ تاریخ ہمیں لے آئی ہے
اپنے دکھ بھی سہتے ہیں، تاریخ کے دُکھ بھی سہتے ہیں‘
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
متواتر خود کش حملے واقعی لمحۂ فکریہ بنتے جا رہے ہیں۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
جاوید صاحب
یہ آپ کا بلاگ پتھر دل کو بھی پگھلانے کے لیے کافی ہے مگر یہ مذہب کا نام استعمال کر کے معصوم جانوں کو مارنے والے خود کو بھی نام نہاد ’شہید‘ کہتے ہیں اور مرنے والوں کو بھی ’شہید‘ کر کہ خود کی تسلی کرتے ہیں۔ اللہ کرے اب کی بار یہ آپریش کامیاب جائے اور ان لوگوں سے جان چھوٹے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
کيا رولانا ضروری تھا؟
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
جاويد سومرو صاحب آپ نے جو لکھا ہے وہ يقيناً ايک نارمل سوچ ہے اور انسانی ہمدردی کی مثال ہے۔ ليکن جو لوگ اس وحشيانہ عمل ميں ملوث ہيں وہ تو يہ کہتے ہيں کہ اصل زندگی آخرت کی زندگی ہی ہے اس لیے يہاں جتنا کم وقت گزارا جائے اتنے ہی کم گناہ ہوں گے اور جلد از جلد ’شہيد‘ ہو کر جنت ميں جگہ بنائی جائے۔ ايسے نظريات رکھنے والے لوگوں کے نزديک زندگی کی کوئی اہميت نہيں اور يہ فلسفہ جنرل ضيا کے دور ميں پروان چڑھا اور اسے صرف ايجنسياں ہی ختم کر سکتی ہيں۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
يہاں زندہ لوگوں کی کوئی نہيں سنتا لحد کی پکار کون سنے گا؟
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
جاويد سومرو صاحب آپ کے بلاگ نے اوپر سے ليکر نيچے تک کاٹ کر رکھ ديا ہے۔ کاش ميں کہہ سکتا کہ فلاں فلم کے ڈائیلاگ لکھنے والے نےغضب کے ڈائیلاگ لکھے ہيں يا ميرے کسی پسنديدہ رائٹر نے کمال کے انداز ميں حقيقت نگاری کی ہے۔ کاش ايسا ہی ہوتا مگر ايسا نہيں ہے کيونکہ اس سات سالہ بچے کی حيراں و لرزاں سرگوشياں اور سسکياں مجھے صاف سنائی ديتی ہيں۔ يہ پھول جسے کھلنے سے پہلے ہی ٹہنی سے توڑ کر مسل ديا گيا ميری آنکھوں ميں جھانک کر اپنی کنفيوز آنکھوں سے کئی سوال کر رہا ہے۔ مجھے معاف کر دے بچے ميں تيرے لیے کچھ نہ کر سکا۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
کیا میری زندگی مذہب کے نام پر مختصر کی گئی ہے؟ آپ نے مذہب (اسلام) پر ہی زور دیا ہے۔ کیا کسی مذہبی تنظیم نے ایسے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے؟ آپ کسی دشمن ملک کی ایجنسی کی طرف بھی اشارہ کر سکتے تھے۔ ملک دشمن ایجینسیاں جو پاکستان میں بہت فعال ہو رہی ہیں یا دہشتگرد بھی لکھ سکتے تھے کیونکہ دہشت گردوں کا تو کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ننگی دہشت گردی کا مذہب کے زندہ کرنے سے بے تُکے تعلق کی منطق سمجھ میں نہیں آئی۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
شاید لبنان اور فلسطین میں امریکی آشیر باد سے کی جانے والی اسرائیلیوں کی وحشیانہ بمباری سے ہلاک ہونے والے سینکڑوں بچوں کے بھی یہی خواب تھے اور وہ بھی اپنی قبروں میں ایسے ہی ڈرتے ہوں گے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
يہ سارے بچے تو جنت کے باغ کے پھول ہوگئے ہيں پر سوچ کر ہی رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہيں کہ کس بےدردی و بے رحمی سے بچے مار ديے گئے۔ ہماری تو ذرا سے انگلی جل جاتی ہے تو اتنی تکليف ہوتی ہے کہ بس اللہ ہی رحم کرے اب ہم پر۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
خدا کرے يہ پکار ان کے کانوں تک پہنچ جائے جو ان واقعات ميں ملوث ہيں۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
سومرو صاحب ويسے ہی دل کانپ جاتا ہے سوچ سوچ کر کہ کيا ہو رہا ہے۔ کيوں معصوموں کی جانيں لی جا رہی ہيں۔ کيوں پلک جھپکتے ايک نہيں دو نہيں سينکڑوں خاندانوں کو ايک نہ ختم ہونے والا درد دے ديا گيا۔ کيوں يہ لوگ اپنوں ہی ميں موت کا غم بانٹنے کا کام کرتے ہيں۔ کيوں ان کا دل نہيں گھبراتا گور انہیں انہيں آرام سے نيند کیسے آ جاتی ہے۔ ايسے ميں ايک معصوم بچے کی يہ داستان کسی بھی جذباتی انسان کا سکھ چين اور نيند چھيننے کے لیے کیا کافی نہيں ہے؟ اب اللہ ہی عقل دے ان کو جو موت بھی بانٹتے ہيں اور ملک و قوم کو ايک المناکی سے دوچار کرجاتے ہيں۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard