' دو ملاؤں میں مرغی حرام'
جس زمانے میں سیاستدانوں، جرنیلوں اور فلمی ستاروں کے ساتھ ساتھ مولوی حضرات کا مذاق اڑانے کی اجازت تھی اس زمانے میں یہ مقولہ عام تھا کہ دو ملاؤں میں مرغی حرام۔
رمضان شریف کے دوران جب آٹے، چینی اور پکوڑوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کے بارے میں خبریں سن سن کر لوگ تھک جاتے ہیں تو ایک بار پھر آسمان کی طرف دیکھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ ہمارے وہ علماء حضرات جو رویت ہلال کمیٹی میں شامل ہیں انہیں عید کا چاند نظر آئے گا یا نہیں۔ صوبہ سرحد میں عید ایک دن پہلے ہوگی یا نہیں۔ نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر تک خواب دیکھنے والے یہ مرثیہ پڑھتے نظر آتے ہیں کہ دنیا کے تمام مسلمان ایک دن عید کیوں نہیں منا سکتے؟
بچپن سے ہم لوگ یہ منظر دیکھتے آئے ہیں کہ علماء حضرات کا ایک جتھا کبھی حبیب بینک پلازا کی بلڈنگ پر اور کبھی واپڈا ہاؤس کی چھت پر چڑھ کر آسمان کی طرف یوں دیکھتا ہے جیسے ان کا کچھ کھوگیا ہو۔ اگر ان حضرات میں سے کوئی آپ کو سڑک کے کنارے کھڑا نظر آئے تو آپ انہیں نابینا سمجھ کر سڑک پار کروانے کی پیشکش کریں گے۔ ان سب کو اکٹھے دیکھ کر لگتا ہے کہ اگر چاند ان کے اوپر بھی آکر گرے تو شاید نہ پہچان پائیں۔
اس تمام معاملے میں صرف پشاور والے مولوی حضرات اپنی من مانی کرتے ہیں، روزہ بھی ایک دن پہلے رکھتے ہیں اور رویت ہلال کمیٹی کو منہ چڑا کر عید بھی پہلے مناتے ہیں۔ لیکن اس دفعہ ان مولانا حضرات نے یہ تجویز دی ہے کہ پورے پاکستان کو عید مکے والوں کے ساتھ مل کر منانی چاہیے اور ساتھ یہ بھی کہہ ڈالا کہ اس طرح رویت ہلال کمیٹی کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔
صوبہ سرحد میں اے این پی کی حکومت نے بھی ان کی حمایت کر ڈالی (اگلا مطالبہ غالباً یہ ہوگا کہ اگر صوبہ سرحد کا نام پختونخواہ رکھنے پر اتفاق نہیں ہوسکتا تو اس کا نام صوبہ یثرب رکھ دیا جائے)۔
بہرحال آٹے کی لائن میں لگے لاٹھیاں کھاتے عورتوں اور بچوں کی تصویریں دکھا دکھا کر تھک جانے والے نیوز چینلوں کو ایک ہلکا پھلکا موضوع ہاتھ آگیا۔ کیا چاند ننگی آنکھ سے دیکھنا فرض ہے؟ کیا چاند کے حساب سے کیلنڈر بن سکتا ہے؟ قرون اولیٰ کے مسلمان عید کا فیصلہ کیسے کرتے تھے؟ ایسے موضوعات ٹی وی پر زیر بحث آتے ہیں تو لگتا ہے روزہ دار میزبان ثواب بھی حاصل کر رہے ہیں اور مزہ بھی لے رہے ہیں۔
ایسے میں میں نے حضرت مولانا منیب الرحمٰن کو ایک ٹی وی پروگرام میں چراغ پا ہوتے دیکھا۔ جو نہیں جانتے انہیں بتاتا چلوں کہ حضرت نہ صرف رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ہیں بلکہ خودکش حملوں سے لے کر میرا کی شادی تک ہر اس مسئلے پر فتویٰ دینے کے لیے تیار رہتے ہیں جو امت مسلمہ کو درپیش ہو۔
حضرت نے فرمایا کہ چونکہ مکے کے ساتھ عید منانے اور رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کا فتنہ پشاور کی مسجد قاسم خان سے شروع ہوا ہے اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کے خلاف کارروائی کرے۔ پھر انہوں نے حکومت کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کہا کہ جس طرح اس نے صوبہ سرحد میں شر پسندوں کے خلاف کارروائی کی ہے اسی طرح مسجد قاسم خان والوں کے خلاف بھی کارروائی کرے۔
تو ہمارے سپہ سالار جنرل کیانی صاحب اپنی ڈائری میں نوٹ کرلیں کہ جب وہ مالاکنڈ اور وزیرستان کے فوجی آپریشنوں سے فارغ ہو جائیں تو مسجد قاسم خان پر توجہ دیں جہاں کچھ لوگ مفتی منیب الرحمان کی نوکری کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں۔

~RS~q~RS~~RS~z~RS~15~RS~)
تبصرےتبصرہ کریں
حجرے سے بنگلے اور سائيکل سے پجيرو تک لے آنے سے کيا فرق پڑا، سوائے اس کے کہ مزيد فتنہ گر ہوگئے۔ کسی مستحق کا بھلا کرتے تو احسان مند ہوتا۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
بہت اچھے! مولوی صاحب کی عزت اپنی جگہ لیکن جہاں ان میں غلطی ہو اس کی بات کرنا توہین اسلام کے زمرے میں نہیں ہونا چاہیے۔ ہم جاپان میں کل عید منا رہے ہیں ملیشیا کے ساتھ مل کر حالانکہ جاپان تکنیک کا اور سائنس کا ملک ہے۔ کسی بھی یونیورسٹی سے پوچھ لیں وہ ہمیں سو سال بعد کے چاند کی بوزیشن بھی بتا دیں گے لیکن جی مولوی صاحب کوئی منظور نہیں ہے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
صوبہ سرحد کا رویت ہلال کا مسئلہ ملائیت کی پیداوار سے بڑھ کر اب ایک سراسر قبائلی مسئلہ بن چکا ہے۔ قبائلی مسائل میں انا پرستی کی تلوار اکثر سچائی کا سر قلم کر دیتی ہے اور اس کی تصدیق ٹی وی پر صوبہ سرحد کے ملاؤں کا ایک موقف دیکھ کر ہو جاتی ہے جو سارے پاکستان پر اپنی قبائلی روایات تھوپنے کے درپے ہیں۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے اور علماء حضرات چاند نظر آنے يا نا آنے کی وجہ سے ايک دوسرے پر کفر کے فتوے لگا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم پر رحم کرے۔ سب کو عيد مبارک۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
ميری تو يہ سمجھ نہيں آتا کہ وہ مولوی حضرات جنہيں آتا ہی نظر زيادہ ہے انہيں کہاں سے اتنا باریک چاند نظر آجائے گا۔ ويسے تو جديد سائنس کی ہر ايجاد سے يہ لوگ دونوں ہاتھوں سے فائدہ اٹھانے ميں مشغول رہتے ہيں پھر چاند ديکھنے کے لیے سائنسی طريقہ کيوں نہيں اپناتے۔ گورنمنٹ کو بہادری دکھاتے ہوئے اندھوں ميں بکانے سردار کے مترادف ہر سرکاری و غير سرکاری رویت ہلال کميٹيوں کو ختم کر دينا چاہيے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
آپ کو شاید معلوم نہيں کہ مرکزی رويتِ ہلال کميٹی کوسپارکو اور نيوی کے نيويگيشن ونگ کی مکمل معاونت حاصل ہوتی ہے اور سپارکو کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کی شب ملک کے کسی حصے ميں چاند نظر آنےکا کوئی امکان نہيں تھا۔ پچھلے پندرہ بيس سال کے ميرے ذاتی مشاہدے ميں کبھی ايسا نہيں ہوا کہ اتفاقاً ہی سہی مگر کبھی مسجد قاسم علی خان کا چاند سعوديہ کی بجائے رويتِ حلال کميٹی کے ساتھ نکل آيا ہو۔ لہذا اصل مسئلہ سب کےسامنے ہے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
جب اسلام ميں واضح طور پر چاند ديکھ کر عيد منانے کا حکم ہے تو پھر سعودی قوم کی پيروی کرنے کا کيا مطلب ہے۔ کيا پشاور والے سعودی کو اپنا رہبر سمجھتے ہیں اور اگر ايسا ہے تو کيا خوب ہے۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard
عوامی نیشنل پارٹی ذمہ دار ہے چاند کے تنازے کی۔
تبصرے کے بارے میں شکایت کریں
Virtual keyboard